شیخ رشید کے لاپتا بھتیجے شاکر اور ملازم گھر پہنچ گئے

ویب ڈیسک  پير 2 اکتوبر 2023
شیخ شاکر کی تصویر (فوٹو : ایکسپریس)

شیخ شاکر کی تصویر (فوٹو : ایکسپریس)

 راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے بھتیجے شیخ شاکر اور ملازم شیخ عمران گھر پہنچ گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے بھتیجے شیخ شاکر اور ملازم شیخ عمران 16 روز کی گمشدگی کے بعد بحفاظت گھر پہنچ گے، دونوں کو شیخ رشید کے ساتھ اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے اٹھایا گیا تھا، شیخ رشید کے بھتیجے سابق ایم این اے شیخ راشد شفیق نے دونوں کی بحفاظت گھر پہنچنے کی تصدیق کردی۔

یہ پڑھیں : ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کا شیخ رشید کو ایک ہفتے میں پیش کرنے کا حکم

سابق ایم این اے شیخ راشد شفیق نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ شیخ شاکر کی صبح 4 بجے کال آئی تھی کہ چند گھنٹوں بعد گھر پہنچ جائیں گے پریشان نہ ہوں، کال کے قریب 8 گھنٹے بعد شیخ شاکر اور ملازم شیخ عمران دونوں خیریت سے گھر پہنچے ہیں۔

شیخ راشد شفیق کا کہنا تھاکہ امید ہے شیخ رشید بھی جلد گھر واپس آجائیں گے، ہماری ساری امیدیں عدالتوں سے ہیں، عدالتیں ہمیں انصاف فراہم کریں گی اور ملک کا سب سے سینئر پارلیمینٹرین شیخ رشید جلد گھر واپس آئیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔