سندھ ریونیو بورڈ کی اپریل میں ریکارڈ 3.9 ارب روپے وصولیاں

بزنس رپورٹر  جمعـء 16 مئ 2014
ایف بی آر سے 3 ارب روپے ملنے کی امید، سالانہ ٹیکس ہدف حاصل کرلیں گے، ترجمان۔ فوٹو: فائل

ایف بی آر سے 3 ارب روپے ملنے کی امید، سالانہ ٹیکس ہدف حاصل کرلیں گے، ترجمان۔ فوٹو: فائل

کراچی: سندھ ریونیو بورڈ (ایس آربی) نے اپریل 2014 کے دوران 3 ارب 90 کروڑ روپے سے زائدمالیت کا ریونیو وصول کرنے میں کامیاب ہوا ہے جو کسی بھی ایک ماہ میں وصول کی جانے والی سب سے زیادہ ٹیکس وصولیاں ہیں۔

سندھ ریونیو بورڈ (ایس آر بی) کے ترجمان نعیم الدین اے فاروقی کے مطابق  17  اپریل 2014 کو صوبائی حکومت کی منظوری سے شروع کی جانے والی ترغیبی اسکیم کے تحت 70کروڑ روپے مالیت کا ریونیو حاصل ہوا ہے،  30 اپریل کو ختم ہونے والی اس اسکیم کے ذریعے جرمانہ مکمل معاف اور ڈیفالٹ سرچارج 95 فیصد ختم کردیا گیا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ جولائی 2013 سے اپریل 2014 تک کی ٹیکس وصولیاں 32ارب روپے رہیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 27ارب 50 کروڑ کی وصولیوں سے 16.4فیصد زیادہ ہیں۔

ترجمان نے سالانہ ہدف کے حصول کا عزم کرتے ہوئے کہاکہ ایف بی آر سے سندھ سیلزٹیکس کی مد میں ایف بی آراکائونٹ میں ٹیکس دہندگان کی جانب سے غلطی سے جمع کرائی جانے والی 3 ارب روپے کی رقم ملنے سے ایس آر بی 42 ارب روپے کا سالانہ ٹیکس ہدف حاصل کر لے گا، اس حوالے سے ایف بی آر کو تمام متعلقہ دستاویز جمع کرادی گئی ہیں اور ایس آربی کو اعلیٰ سطح پر معاملے کے جلد حل کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔