مہنگائی میں اضافے پرقابوپالیا ہے اب ملک دیوالیہ نہیں ہوگا، اسحٰق ڈار

نمائندگان ایکسپریس  جمعـء 16 مئ 2014
جولائی تک زرمبادلہ کے ذخائر15ارب ڈالرہوجائینگے، افراط زر کی شرح 5.6فیصد تک لائیں گے۔ وزیر خزانہ۔ فوٹو : فائل

جولائی تک زرمبادلہ کے ذخائر15ارب ڈالرہوجائینگے، افراط زر کی شرح 5.6فیصد تک لائیں گے۔ وزیر خزانہ۔ فوٹو : فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر 13ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں اور یہ جولائی تک 15 ارب ڈالر سے تجاوزکرجائیں گے، رواں سال جی ڈی پی کی شرح نمو عالمی اداروں کی توقعات کے برعکس 4 فیصد جبکہ آئندہ سال 5 فیصد کی سطح تک لائیں گے۔

تھری اور فور جی اسپیکٹرم کے 2 مزید لائسنسوں کی نیلامی سے 50 ارب روپے مزید حاصل ہوں گے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہا کہ ایف بی آر کا 10ماہ میں ریونیو 1745 ارب تک پہنچ گیا، جو اس عرصے میں گزشتہ سال کی نسبت  15فیصد زائد ہے، 10 ماہ میں بجٹ خسارہ 1262ارب روپے سے کم ہوکر 1033 ارب روپے پر آگیا، 9 ماہ کے دوران برآمدات میں 6.1فیصد اضافہ ہوا ، تجارتی خسارے میں بھی نمایاں کمی آئی جو گزشتہ سال کی نسبت 5.81فیصد کم ہے، مہنگائی میں اضافے پرقابوپالیا ہے، افراط زر کی شرح 5.6فیصد تک لائیں گے، ڈالر کی قیمت 98روپے تک آگئی، ایک وہ وقت تھا جب ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا۔

اب ہم اس سے بہت دور نکل آئے ہیں، آئندہ 4 سال میں 9 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، آئی ایم ایف کو 2.2 ارب ڈالر واپس کر چکے، آئندہ 7سال میں 30 ارب ڈالر کے قرضے واپس کرنے ہیں، اقتصادی بحالی بعض لوگوں کو ہضم نہیں ہو رہی، عمران خان کو سیاسی یتیم مس گائیڈ کررہے ہیں جوسینیٹ کا ٹکٹ نہ ملنے پر تحریک انصاف کی آغوش میں جا بیٹھے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے ادارے درست اعداد و شمار نہیں دیتے، اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں جی ڈی پی کے حوالے سے اعداد و شمار درست نہیں۔ آن لائن کے مطابق اسحاق ڈار نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کو آپریٹو سینٹر اور وفاقی ادارہ شماریات نجی تحویل میں دینے کا ارادہ ہے۔ پارلیمانی سیکریٹری برائے داخلہ مریم اورنگزیب نے نبیل گبول کے توجہ دلاؤ نوٹس پر بتایا کہ عذیر بلوچ کے ریڈوارنٹ آج جاری کیے جائیں گے جبکہ بابا لاڈلا کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کیلیے سندھ حکومت نے تاحال وفاق سے رابطہ نہیں کیا۔

قبل ازیں نبیل گبول نے کہا کہ کئی ماہ سے عذیر بلوچ اور بابا لاڈلا سمیت دیگر جرائم پیشہ افراد بیرون ملک بیٹھ کر کراچی میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کررہے ہیں۔ تحریک انصاف کے رکن امیراللہ مروت نے امن وامان کی صورتحال پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ حامدمیر پر حملے کے بعد جیو ٹی وی نے جس انداز میں ملکی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کیا وہ قابل مذمت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان مدارس پر پابندی لگانی چاہیے جو سیاسی سرگرمیوں میں استعمال ہورہے ہیں، سعودی عرب اور ایران پاکستان میں فرقہ وارانہ دہشت گردی کو فروغ دینے میں ملوث ہیں۔ وقفہ سوالات کے دوران وزیرمملکت عابد شیر علی نے انکشاف کیا کہ واپڈا کے کئی ایکسیئن ارب پتی بن چکے ہیں۔

ان کا معاملہ نیب بھجوائیں گے، تمام ملازمین سے اثاثے طلب کرلیے، کالاباغ ڈیم بن جاتا تو آج بجلی کا مسئلہ نہ ہوتا لیکن اسے اتفاق رائے تک نہیں بنائیں گے، جہاں بجلی چوری ہوگی وہاں لحاظ نہیں ہوگا، پاکستان میں بجلی کی قیمت بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش سے زیادہ ہے، نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کا پہلا مرحلہ اگلے سال کے اختتام تک مکمل کرلیا جائے گا، دیا مر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلیے 25 ارب روپے جاری کردیے گئے ہیں، تربیلا ڈیم کی توسیع کے 5ویں منصوبے کاسنگ بنیادآئندہ ماہ رکھاجائے گا، دسمبرتک تمام ٹرانسفارمرزکواپ گریڈکردیا جائے گا۔

آئی پی پیز کو واجبات کی ادائیگی میں بے ضابطی سامنے آئی تو ذمے دار ہوں گا۔ ایوان نے ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پر بحث کے بارے میں زاہد حامد کی تحریک منظور کرلی، قائد حزب اختلاف آج بحث کا آغاز کریں گے۔ وزیرمملکت شیخ آفتاب نے ایوان کو بتایا کہ پمز میں فضلہ جلانے کیلیے مزید بھٹیاں لگائیں گے جبکہ پولی کلینک میں نئی بھٹی 45 دنوں میں لگادی جائے گی۔ ایوان نے لاڑکانہ ، تھرپارکر ، حیدرآباد اور شکارپور میں اقلیتوں کے مذہبی مقامات پر حملوں کیخلاف مذمتی قرارداد بھی منظور کی۔ رمیش لعل کی قرارداد میں سفارش کی گئی کہ اقلیتوں کے مذہبی مقامات پر سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں۔ بعد ازاں اجلاس آج (جمعہ) صبح 10 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔