علی فضل کو فلم ڈائریکٹروں نے ’مرزا پور‘ نہ کرنے کا مشورہ کیوں دیا
اداکار کو عالمگیر شہرت ویب سیریز ’مرزا پور‘ سے ملی جبکہ حال ہی میں وہ نیٹ فلکس کی فلم ’خفیہ‘ میں نظر آئے ہیں
بالی وڈ اور ہالی وڈ میں یکساں مقبول اداکار علی فضل نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں متعدد فلم ڈائریکٹروں نے 'مرزا پور' میں کام کرنے سے روکا تھا۔
ایک تازہ گفتگو میں اداکار کا کہنا تھا کہ انہیں او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے امکانات کا شروع سے اندازا تھا اسی لئے انہوں نے مشہور ویب سیریز 'مرزا پور' میں حصہ لیا۔
علی فضل کا کہنا تھا کہ انہیں ذاتی طور پر تھیٹر اور سینما پسند ہیں اور ان کی چاہت وہیں کام کرنے کی ہے کیوں کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم ذہن کو 'منتشر' کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب انہیں 'مرزا پور' میں کام کی پیشکش کی گئی تو اس وقت ایسے پروجیکٹ بہت کم ہورہے تھے اور مختلف ڈائریکٹروں نے انہیں اس میں حصہ لینے سے منع کیا تھا۔
اداکار نے مزید کہا کہ وہ او ٹی ٹی پلیٹ فارموں کے امکانات کو دیکھ رہے تھے اور انہیں اندازا تھا کہ یہ بڑی تبدیلی لائیں گے۔
واضح رہے کہ علی فضل کو پوری دنیا میں شہرت ویب سیریز 'مرزا پور' سے ملی جبکہ حال ہی میں وہ نیٹ فلکس کی فلم 'خفیہ' میں نظر آئے ہیں۔