سعودی شہری نے شناخت ظاہر کئے بغیر مسلمانوں کی بھلائی کیلئے ایک ارب ریال عطیہ کردیئے

ویب ڈیسک  جمعـء 16 مئ 2014
مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ بھی سعودی شہری کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دل کھول کر عطیات دیں، ڈاکٹر احمد محمد فوٹو؛فائل

مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ بھی سعودی شہری کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دل کھول کر عطیات دیں، ڈاکٹر احمد محمد فوٹو؛فائل

جدہ: سعودی عرب کے ایک عمر رسیدہ شخص نے اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر ایک ارب ریال کی خطیر رقم اسلامی ترقیاتی بینک کو عطیہ کردی۔

اسلامی ترقیاتی بینک کے چیرمین ڈاکٹر احمد محمد کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ایک صاحب استطاعت عمر رسیدہ شہری کی جانب سے مسلمانوں کی فلاح و بہبود کےلئے ایک ارب ریال کی خطیر رقم عطیہ کی گئی ہے، اس رقم سے شرائط کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک مسلم اور غیر مسلم ممالک کے پسماندہ علاقوں میں موجود مسلمانوں کے لئے 75 موبائل ڈسپنسریاں قائم کرے گا۔

ڈاکٹر احمد محمد کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک اس رقم سے پاکستان، بھارت اور یمن میں 15، افغانستان اور بنگلادیش میں 10، تاجکستان اور قرغزستان میں 5، 5 موبائل اسپتال 5 سال کے عرصے میں قائم کرے گا جب کہ 5 سال بعد دوسرے پسماندہ ممالک کے دیہاتوں میں اسپتال قائم کیے جائیں گے۔

اسلامی ترقیاتی بینک کے چیرمین نے سعودی شخص کی جانب سے عطیہ کی گئی رقم پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ  اس خطیر رقم کے سے لاکھوں مستحق مریض استفادہ حاصل کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ بھی سعودی شہری کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دل کھول کر عطیات دیں تاکہ مسلم دنیا کے غریب اور پسماندہ علاقوں میں شہریوں کو طبی سہولیات فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔