جامعہ کراچی اور امریکن یونیورسٹی میں فیکلٹی ایکسچینج کا معاہدہ

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 17 مئ 2014
شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے اساتذہ و طلبا جارج میسن یونیورسٹی کا دورہ کریں گے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے اساتذہ و طلبا جارج میسن یونیورسٹی کا دورہ کریں گے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی: جامعہ کراچی کے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن اور یو ایس یونیورسٹی آف جارج میسن کے درمیان ’’فیکلٹی ایکسچینج پروگرام‘‘ کا معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت دونوں جامعات کے اساتذہ و طلبا ایک دوسرے کی جامعات کا مطالعاتی دورہ کریں گے۔

اس سلسلے میں معاہدے کی تکمیل کے ضمن میں یو ایس ڈپارٹمنٹ کی نمائندہ ساراعالم نے کہا کہ امریکن یونیورسٹی میں جامعہ کراچی کے طلبا و اساتذہ کی رہنمائی کے لیے ایسے تعارفی پروگرام کی اشد ضرورت ہے تاکہ وہاں جا کر انھیں کوئی اجنبیت نہ ہو، پبلک ایڈمنسٹریشن کے طلبا کو مذکورہ معاہدے کے تحت آئندہ ماہ امریکن یونیورسٹی کا ایک ماہ کا مطالعاتی دورہ کرنا ہے۔

اس موقع پر جامعہ کراچی کے رئیس کلیہ انتظام و انصرام

پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا کہ تعلیمی اداروں بالخصوص جامعات کو جدید تحقیق وتدریس پر مبنی ایسا نظام تعلیم متعارف کرانے کی ضرورت ہے جو جدت پسندی اور سماجی ضرورتوں سے ہم آہنگ ہو اور طلبا اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے ترقی یافتہ نظام تعلیم سے استفادہ کرسکیں، انھوں نے کہا کہ یوایس ڈپارٹمنٹ کی سطح پر پبلک ایڈمنسٹریشن کے اساتذہ اور طلبا کو مستقبل کے ایڈوانس پروگرام کیلیے تیار کرنا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔