انڈر 16کرکٹ؛ کراچی کیخلاف کوئٹہ مشکلات کا شکار

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 17 مئ 2014
کراچی کی ٹیم نے69.2 اوورز میں 241 رنزجوڑے،حسام 68 اور عماد محمد 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ فوٹو فائل

کراچی کی ٹیم نے69.2 اوورز میں 241 رنزجوڑے،حسام 68 اور عماد محمد 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ فوٹو فائل

کراچی: قومی اسٹار انڈر16 کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے رائونڈ کا آغاز ہو گیا،ابتدائی روز کراچی کے اشرف خان کی عمدہ بولنگ نے کوئٹہ کو مشکلات کا شکار کر دیا۔

12رنز دیکر 4 وکٹیں حاصل کرلیں، میزبان ٹیم کے اسکور241 پر مہمان سائیڈکے 65 پر 9 پلیئرز میدان بدر ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پول ’سی‘ میں این بی پی اسپورٹس کمپلیکس گرائونڈ پر کراچی کی ٹیم نے69.2 اوورز میں 241 رنزجوڑے،حسام 68 اور عماد محمد 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، عمران خان نے 5 شکار کیے، پہلے دن کے اختتام پر کوئٹہ کی ٹیم جوابی اننگز میں محض65رنز پر 9 وکٹیں کھوبیٹھی، ہدایت اللہ27رنز بناکر کچھ مزاحمت پیش کرپائے، اشرف خان نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے محض12 رنز دیکر4 مہرے کھسکا دیے، محمد عمر اور حسام خان نے2،2 وکٹیں اپنے نام کیں، یو بی ایل گرائونڈ پر لاڑکانہ نے جوابی اننگز میں 3 وکٹ پر121 رنز بنالیے۔

یاسر علی61 اور عامر حمزہ21 پر ناٹ آئوٹ ہیں، گزشتہ 2 میچزمیں مجموعی طور پر21 وکٹیں حاصل کرنے والے آف اسپنر عریش جعفری نے3 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، قبل ازیں حیدرآباد کی ٹیم پہلی اننگز میں 160رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، سعدخان نے67اورکپتان عزیرجعفری نے 53رنزبناسکے۔ پول ’اے‘ میں ایل سی سی اے گرائونڈ پرلاہورکی ٹیم ملتان کیخلاف پہلی اننگز میں 172 رنز پر ہمت ہارگئی، زیب عالم نے 53 رنز اسکور کیے، فراز نے5 وکٹیں لیں، جواب میں ملتان نے 4 وکٹ پر123 رنز بنالیے۔

شارون سراج 34 پر ناٹ آئوٹ ہیں، عزیر عبداللہ نے30 اوراحمد سلطان نے28 رنز بنائے، محمد عمر نے3 وکٹیں لیں۔اتفاق گرائونڈ پر فیصل آباد نے پہلی اننگز میں7 وکٹ پر 236 رنز بنالیے محمد سلیم 95 پر ناقابل شکست ہیں، انس مصطفیٰ نے82 کی عمدہ اننگز کھیلی، محمد اویس نے3 پلیئرز کو پویلین چلتا کیا، جواب میں سیالکوٹ نے97رنر بنائے اور اس کے 2 کھلاڑی آئوٹ ہوئے، ماجد راحیل نے39 رنز کا اضافہ کیا۔پول ’بی‘ میں اسلام آباد کے بھٹو کرکٹ گرائونڈ پر بہاولپور نے پشاورکیخلاف پہلی اننگز7 وکٹوں پر 283رنز بناکر اننگز ڈیکلیئرڈ کی، محمد عمیر96 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے،زید اللہ نے 4وکٹیں لیں، پشاور نے جوابی اننگز میں تین وکٹ پر 58 رنز جوڑ لیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔