اسرائیل تنازع کا حل آزاد اور خود مختار فلسطین ہی ہے روس

غزہ کو اسرائیل نے اپنا ہدف بنالیا ہے، روسی وزیر خارجہ کی عرب لیگ کے سربراہ سے ملاقات


ویب ڈیسک October 09, 2023
روس سے گزشتہ برس فروری سے یوکرین پر جنگ مسلط کر رکھی ہے (فوٹو: فائل)

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ آزاد اور خود مختار فلسطین ریاست کا قیام ہی مشرق وسطیٰ میں امن کا ضامن ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے عرب لیگ کے سربراہ احمد ابو الغیط نے ملاقات کی اور غزہ میں ہونے والی جھڑپوں پر تبادلہ خیال کیا جس میں اب تک 700 سے زائد اسرائیلی ہلاک اور 550 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں روسی وزیر خارجہ نے امریکا کا نام لیے بغیر اس خدشے کا اظہار کیا کہ اس جھڑپ میں کوئی غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہوسکتا ہے۔

خیال رہے کہ امریکا نے حماس کے خلاف جنگ میں اسرائیل کی مدد کے لیے جنگی طیارہ بردار بحری جہاز بھیجا ہے جس پر روس نے جنگ کے طویل ہوجانے کے خدشات کا اظہار کیا تھا۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے مزید کہا ہے کہ آزاد فلسطینی ریاست کا قیام اسرائیل میں امن کا سب سے زیادہ قابل اعتماد حل ہے۔ صرف جنگ سے سلامتی کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا۔

وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے یہ بھی کہا کہ جنگ میں دونوں جانب کے اب تک سیکڑوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جس پر گہری تشویش ہے۔ غزہ کو اسرائیل نے اپنا ہدف بنالیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں