سائفر کیس فرد جرم کے خلاف عمران خان کی درخواست سماعت کے لیے مقرر
اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست 12 اکتوبر بروز جمعرات سماعت کے لیے مقرر کردی
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سائفر کیس میں فرد جرم عائد کرنے کا حکم اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا، عدالت نے درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے وکیل شیر افضل مروت کے ذریعے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں انہوں ںے 9 اکتوبر کے ٹرائل کورٹ کے حکم کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔
عمران خان نے درخواست میں کہا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے لکھا کہ کیس کی نقول وصول کرلیں حالانکہ نقول وصول نہیں کیں، جیل سماعت کے خلاف ہائی کورٹ کے فیصلے کا بھی ٹرائل کورٹ نے انتظار نہیں کیا، 9 اکتوبر کے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔
دریں اثنا نے اسلام ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس کی کارروائی رکوانے کے لیے درخواست 12 اکتوبر بروز جمعرات سماعت کے لیے مقرر کردی ہے جس کی سماعت چیف جسٹس عامر فاروق کریں گے۔