فیفا ورلڈ کپ 2014 میں آسٹریلوی فٹبال ٹیم کو سخت چیلنج درپیش

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 18 مئ 2014
آسٹریلوی فٹبال ٹیم کو ورلڈ کپ میں سخت چیلنج درپیش ہے، فوٹو: فائل

آسٹریلوی فٹبال ٹیم کو ورلڈ کپ میں سخت چیلنج درپیش ہے، فوٹو: فائل

میلبورن: آسٹریلوی فٹبال ٹیم کو ورلڈ کپ میں سخت چیلنج درپیش ہے، سابق اسٹرائیکر جون الوئسی کے مطابق گروپ ’بی ‘ میں شامل دفاعی چیمپئن اسپین، نیدرلینڈز اور چلی کیخلاف جوابی حملوں پر گول کرنا بہت مشکل ہوگا۔

عالمی درجہ بندی میں59 ویں پوزیشن پرموجود سوکروز کے سخت پول کو ’گروپ آف ڈیتھ‘ قرار دیا جا رہا ہے، ایک انٹرویو میں جون الوئسی نے کہاکہ آسٹریلیا کو ڈیوڈ سلوا اور روبن وان پرسی سے نمٹنے کیلیے اپنے پنالٹی ایریا میں اضافی دفاعی پلیئرز کو رکھنا ہوگا، تاہم کوچ اینجی پوسٹیکوگلو کیلیے ایسا کرنا ناممکن دکھائی دیتا ہے،آسٹریلیا کی55 میچز میں نمائندگی کرنے والے الوئسی نے مزید کہاکہ اگرچہ ہم سوکروز کو جیتتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ یہ اہم ہے کہ اس کیلیے بھرپور کوشش کریں ۔

اینجی آسٹریلین پلیئرز کا کردار جانتے ہیں، انھیں عوامی توقعات کا بھی بخوبی علم ہے، ہمیں میچزکو اپنے طریقے سے جیتنے کی کوشش کرنا ہوگی، پلیئرز کو قدرتی کھیل پیش کرتے رہنا چاہیے۔ بیلجیئم ، انگلینڈ اور اسپین کے مختلف کلبز کیساتھ 20 سالہ کیریئر گزارنے والے الوئسی نے 2005 پلے آف میں یوروگوئے کیخلاف پنالٹی پر فیصلہ کن گول کیا تھا، اس وجہ سے سوکروز نے اگلے برس جرمنی میں شیڈول فائنلز کا ٹکٹ حاصل کرلیا۔ آسٹریلیا کو برازیل میں جیت کیلیے شرط لگانے والی بڑی فرمز کی جانب سے 1000-1 کا ریٹ دیا گیا لیکن الوئسی کو یقین ہے کہ نوجوان ٹیم تجربہ کار کائل اور مڈفیلڈر مارک بریسکلینو کے ہمراہ اپنے حریفوں کیلیے مشکلات پیدا کرسکے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔