شاہ رخ خان کی نئی میگا فلم ’ڈنکی‘ کی ریلیز تاریخ تبدیل کردی گئی
فلمی تجزیہ کاروں کے مطابق شاہ رخ خان کی بے پناہ مقبولیت ایک عام دن کو بھی فلم کیلئے خاص بناسکتی ہے
بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی نئی میگا فلم 'ڈنکی' کی ریلیز تاریخ تبدیل کردی گئی اور وہ اب پوری دنیا میں 21 دسمبر کو ریلیز کیلئے پیش کی جائے گی۔
لیجنڈری فلمساز راج کمار ہیرانی کی نئی فلم کیلئے پہلے 22 دسمبر کی تاریخ رکھی گئی تھی لیکن اب 'سالار' سے تصادم کی وجہ سے 'ڈنکی' ایک دن پہلے سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
'سالار' سے ایک دن قبل فلم کو ریلیز کرنے کا مقصد 'ڈنکی' کو ایک دن مکمل طور پر انڈسٹری میں راج کرنے کا موقع دینا ہے اور امکان ہے کہ اس سے فلم کی باکس آفس کامیابی کا مومینٹم بن جائے گا۔
فلمی تجزیہ کاروں کے مطابق شاہ رخ خان کی بے پناہ مقبولیت ایک عام دن کو بھی فلم کیلئے خاص بناسکتی ہے اور ایک دن قبل ریلیز سے کنگ خان کی فلم کو پرابھاس کی 'سالار' پر فوقیت مل جائے گی۔
واضح رہے کہ راج کمار ہیرانی اس سے قبل بالی وڈ کو متعدد بلاک بسٹر دے چکے ہیں جن میں منا بھائی ایم بی بی ایس، پے کے، تھری ایڈیٹس اور سنجو شامل ہیں اور توقع ہے کہ 'ڈنکی' بھی انڈسٹری میں نئے ریکارڈ قائم کرے گی۔