سعودیہ اور جنوبی کوریا کا غزہ میں جنگ بندی اور فلسطین کے سیاسی حل پر زور

ویب ڈیسک  منگل 24 اکتوبر 2023

ریاض: جنوبی کوریا کے صدر سعودی عرب پہنچے اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میں تجارتی و اقتصادی تعاون سمیت غزہ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

عرب میڈیا کے مطابق ریاض میں ہونے والی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول کی ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے غزہ سمیت مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورت حال اور بین الاقوامی پیش رفت کے علاوہ دو طرفہ تعاون اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے غزہ میں شہریوں کو نشانہ بنانے پر تشویش کا اظہار کیا اور بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق شہریوں کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔

یہ خبر پڑھیں : اسرائیل کو لائسنس ٹو کِل دیا گیا جو غزہ پر وحشیانہ بمباری کر رہا ہے، امیرِ قطر 

اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے غزہ میں شہریوں کو فوری اور بغیر کسی رکاوٹ کے انسانی امداد کی فراہمی کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جنگ کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ مسئلہ فلسطین کا سیاسی حل تلاش کیا جانا چاہیے اور اس کے دو ریاستی حل کے بغیر فلسطین میں پائیدار امن ممکن نہیں۔

اس موقع پر جنوبی کوریا نے عرب امن اقدام سمیت اس سلسلے میں سعودی قیادت کی کوششوں کو سراہا۔

یہ خبر پڑھیں :تمام اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی تک غزہ پر بمباری بند نہیں ہوگی؛ امریکا 

جنوبی کوریا کے صدر نے 2034 ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کی بولی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تبادلے کے حجم میں 400 گنا اضافہ ہوا ہے۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جنوبی کوریا کی طرف سے تجویز کردہ ڈی کاربنائزیشن اتحاد کا خیرمقدم کیا۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔