ایف بی آرآڈٹ کیلئے ٹیکس گزاروں کا ای ڈیٹا اے جی پی کو دیگا

ارشاد انصاری  منگل 20 مئ 2014
مذکورہ ڈیٹا و ریکارڈ کے حصول کے لیے درخواست دینا ہوگی،آڈیٹر جنرل آف پاکستان اور ایف بی آر حکام کے اجلاس میں فیصلہ فوٹو: فائل

مذکورہ ڈیٹا و ریکارڈ کے حصول کے لیے درخواست دینا ہوگی،آڈیٹر جنرل آف پاکستان اور ایف بی آر حکام کے اجلاس میں فیصلہ فوٹو: فائل

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے آڈٹ کے لیے ٹیکس دہندگان کے ٹیکس گوشوارے اور سافٹ ڈیٹا پر مشتمل تمام الیکٹرانیکل ریکارڈ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

’’ایکسپریس‘‘ کو دستیاب دستاویز کے مطابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان اور ایف بی آر حکام کے مشترکہ اجلاس میں ممبر کسٹمز نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے ساتھ اتفاق کیا ہے کہ کسٹمز ڈپارٹمنٹ کی طرف سے ٹیکس دہندگان کا جو سافٹ ڈیٹا ایف بی آر کے پوسٹ کلیئرنس آڈٹ ڈپارٹمنٹ کو فراہم کیا جاتا ہے وہی سافٹ ڈیٹا آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے آفس کو بھی فراہم کیا جائے گا۔

مذکورہ اجلاس کے منٹس آف میٹنگ کے مطابق ایف بی آر اور آڈیٹر جنرل آف پاکستان حکام کے درمیان یہ بھی طے پایا ہے کہ ایف بی آر کے ان لینڈ ریونیو ڈپارٹمنٹ کی طرف سے آڈیٹر جنرل آف پاکستان آفس کو ٹیکس دہندگان کے آڈٹ کے لیے ٹیکس دہندگان کے نام، پتے اور دیگر معلومات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ آڈٹ کے لیے منتخب کرسکیں اور جن ٹیکس دہندگان کو آڈیٹر جنرل آفس کی طرف سے جس سال کے آڈٹ کے لیے منتخب کیا ہوگا ایف بی آر ان ٹیکس دہندگان کے اسی سال کے ٹیکس گوشوارے آڈیٹر جنرل آفس کو فراہم کرے گا۔

دستاویز کے مطابق مذکورہ ڈیٹا و ریکارڈ کے حصول کے لیے آڈیٹر جنرل آٓفس نارتھ اور ساؤتھ کے متعلقہ ڈائریکٹر جنرل آئی آر کی طرف سے ایف بی آر کے متعلقہ ٹیکس دفاتر کو درخواست دینا ہوگی جس پر ایف بی آر کے متعلقہ ٹیکس آفس کی طرف سے مطلوبہ ٹیکس دہندگان کے ٹیکس گوشواروں کا ریکارڈ آڈیٹر جنرل آفس نارتھ اور ساؤتھ کے متعلقہ ڈائریکٹر جنرل آئی آر کو فراہم کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔