کراچی میں فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق
ملزمان نے روکنے کی کوشش کی ہم نہیں رکے تو فائرنگ کر دی، مقتول کا دوست
شارع پاکستان عائشہ منزل پل پر موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا، موٹر سائیکل چلانے والا مقتول کا دوست خوش قسمتی سے بچ گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 28 سالہ شیراز مغل ولد دلاور مغل کے نام سے کی گئی، نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان نے عائشہ منزل سے واٹر پمپ کی جانب جاتے ہوئے ڈکیتی کی واردات کی نیت سے موٹرسائیکل سوار افراد کو روکنے کی کوشش کے دوران نہ رکنے پر فائرنگ کر کے ہلاک کیا اور لوٹ مار کیے بغیر فرار ہوگئے۔
مقتول کے ماموں نے بتایا کہ مقتول گارڈن چاندنی چوک چاندنی آرکیڈ کا رہائشی اور والدین کی اکلوتی اولاد تھا، مقتول کے والد نے دوسری شادی بھی کی تھی تاہم مقتول اور اس کی والدہ سے ان کا کوئی تعلق نہیں تھا، مقتول کے والد کی رسالہ تھانے کی حدود لارنس روڈ پر لوہے کی چادروں کی دکان ہے۔ شیراز بھی اپنے والد کی دکان پر ان کے ساتھ کام کرتا تھا، شیراز نے اپنے کاروبار کے سلسلے میں ایک پارٹی سے ڈھائی لاکھ روپے لیے تھے اور اپنے دوست احمد کے ساتھ واٹر پمپ کھانا کھانے جا رہا تھا۔
احمد نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ وہ موٹرسائیکل چلا رہا تھا اور شیراز اس کے عقب میں بیٹھا تھا کہ عائشہ منزل کے پل پر عقب سے موٹرسائیکل سوار دو افراد آئے اور انہیں رکنے کا کہا لیکن شیراز نے اسے موٹر سائیکل نہ روکنے کے لیے کہا۔
احمد نے بتایا کہ اس نے گن کو چیمبر کرنے کی آواز سنی تاہم فائر کرنے کی اسے آواز نہیں آئی، ملزمان فائر کر کے فرار ہوگئے جبکہ شیراز موٹرسائیکل سے زمین پر گر گیا تھا، سینے میں ایک گولی لگی تھی۔ فوری طور پر ایمبولینس منگوائی اور جب اسپتال پہنچا تو ڈاکٹروں نے بتایا کہ شیراز کی موت ہوگئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا لگتا ہے تاہم ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔