کراچی تولیہ فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی سارا سامان جل کر خاکستر
فائر بریگیڈ کی 5 گاڑیوں نے 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا، آتش زدگی کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی
سائٹ سپرہائی وے پر تولیہ فیکٹری میں آگ لگ گئی ، فیکٹری میں رکھا ہوا سامان جل کر خاکستر ہوگیا، فائر بریگیڈ نے 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
تفصیلات کے مطابق سائٹ سپرہائی وے پر قائم تولیہ فیکٹری میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر آگ لگ گئی، دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
فیکٹری کے ملازمین نے بھاگ کر اپنی جانیں بچائیں، فیکٹری انتظامیہ نے فوری طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی جس کے بعد 5 فائر ٹینڈر نے موقع پر پہنچ کر 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
فائر بریگیڈ کے مطابق ابتدائی طور پرآگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، فیکٹری میں رکھا ہوا تولیہ اور مشینیں جل گئیں۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ کے شعلے ایک سے دو کلو میٹر سے دیکھائی دے رہے تھے، آگ کی شدت زیادہ تھی جس کی وجہ سے فائر بریگیڈ کا عملہ بھی دور سے آگ بجھا رہا تھا ، فیکٹری میں آگ بجھانے والے آلات موجود نہیں تھے جس کی وجہ سے آگ پھیلتی چلی گئی۔