شاہ رخ خان کی سالگرہ پر 'منت' کے باہر چوری، مقدمہ درج

ویب ڈیسک  جمعـء 3 نومبر 2023
شاہ رخ خان کے مداح غبارے، سالگرہ کے پوسٹرز لیے اداکار کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے اُن کے گھر باہر کھڑے رہے : فوٹو ویب ڈیسک

شاہ رخ خان کے مداح غبارے، سالگرہ کے پوسٹرز لیے اداکار کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے اُن کے گھر باہر کھڑے رہے : فوٹو ویب ڈیسک

 ممبئی: بالی ووڈ کے میگا اسٹار شاہ رخ خان کی 58 ویں سالگرہ کے موقع پر اُن کے گھر ‘منت’ کے باہر چوری ہوگئی جس کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کی سالگرہ کے موقع پر ہر سال کی طرح اس بار بھی اداکار کے مداحوں کی بڑی تعداد اُن کے گھر ‘منت’ کے باہر جمع ہوئی جہاں اُنہوں نے سالگرہ کا جشن منایا۔

شاہ رخ خان کے مداح غبارے، سالگرہ کے پوسٹرز لیے اداکار کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے اُن کے گھر باہر کھڑے رہے، اس موقع پر مداحوں نے خوشی میں پٹاخے بھی پھوڑے۔

اس موقع پر شاہ رخ خان نے بھی اپنے مداحوں کو مایوس نہں کیا، وہ اپنے گھر کی بالکونی میں آئے اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

مزید پڑھیں: شاہ رخ خان کی فلم “ڈنکی” کا ٹیزر ریلیز

مداحوں کے اس ہجوم میں جہاں خوشیاں منائی گئیں تو وہیں لُٹیروں نے چوری کرکے شاہ رخ خان کے مداحوں پر اپنے ہاتھ بھی صاف کیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق منت کے باہر جمع ہونے والے ہجوم میں سے چوروں نے شاہ رخ خان کے کم از کم 17 مداحوں کے موبائل فون چرا لیے۔

باندرہ پولیس نے بتایا کہ منت کے باہر سے موبائل چوری ہونے کی پہلی شکایت بھارتی اخبار کے 23 سالہ فوٹوگرافر نے درج کروائی تھی جبکہ دوسری ایف آئی آر 24 سالہ شخص نے درج کروائی۔

پولیس کو منت کے باہر سے مجموعی طور پر 17 مداحوں کے موبائل فون چوری ہونے کی اطلاع دی گئی ہے، اس سلسلے میں نامعلوم افراد کے خلاف دو الگ الگ مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: شاہ رخ خان کی سالگرہ، “منت” سے ویڈیو وائرل

پولیس اہلکار نے کہا کہ منت کے باہر بھاری سیکیورٹی تعینات کی گئی ہے لیکن حفاظتی انتظامات کے باوجود، چوروں نے ہجوم کا فائدہ اٹھایا اور فون چرا لیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔