عام انتخابات میں ن لیگ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی، نواز شریف

ویب ڈیسک  جمعـء 3 نومبر 2023
فوٹو فائل

فوٹو فائل

مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے دعویٰ کیا ہے کہ عام انتخابات میں ن لیگ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔

نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلیے مثبت سوچ رکھنی ہوگی، خواہش ہے کہ سب مل بیٹھ کر ملک کو درست سمت پر لائیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی ایسے شخص کو آگے نہیں لانا جو افرا تفری پیدا کرے، بہت جلد ن لیگ کی سرگرمیاں زور پکڑ لیں گی۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے الیکشن کی تاریخ 8 فروری کو دینے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور صدر مملکت میں 8 فروری کو ملک بھر میں عام انتخابات منعقد کروانے پر اتفاق خوش آئند ہے۔ منصفانہ اور شفاف انتخابات کے ذریعے مینڈیٹ لے کر آنے والی حکومت ہی ملک کو صحیح سمت میں لے جا سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ یہ انتخابات پاکستان کو نہ صرف استحکام بلکہ ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے اور نفرتوں اور انتشار کی سیاست کے خاتمے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ اللّہ تعالٰی نے اگر موقع دیا اور عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا تو میاں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی کا سفر وہیں سے دوبارہ شروع ہو گا جہاں ایک سازش کے تحت اسے روک دیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔