خواجہ نظام الدین اولیاؒ کے عرس میں پاکستانی زائرین کی شرکت

ویب ڈیسک  جمعـء 3 نومبر 2023
فوٹو : ایکسپریس

فوٹو : ایکسپریس

نئی دہلی: خواجہ نظام الدین اولیاؒ کے عرس میں پاکستانی زائرین کے 94 رکنی وفد نے شرکت کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی کے ناظم الامور اعزاز خان نے حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام کی جانب سے مزار پر چادر چڑھائی۔

سجادہ نشین دیوان سید طاہر نظامی اور درگاہ کمیٹی کے ارکان نے درگاہ آمد پر ناظم الامور اور پاکستانی زائرین کا استقبال کیا اور انہوں نے اعزاز خان کی دستار بندی بھی کی۔

زائرین نے درگاہ کے احاطے میں موجود حضرت امیر خسروؒ کے مزار پر بھی حاضری دی اور دعائیں کیں۔

پاکستانی زائرین سالانہ عرس مبارک میں شرکت کے لئے 31 اکتوبر سے 8 نومبر تک نئی دہلی کے دورے پر ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستانی زائرین نے مذہبی مقامات کے دوروں سے متعلق 1974ء کے پاکستان انڈیا پروٹوکول کے تحت حضرت نظام الدین اولیاؒ کے سالانہ عرس مبارک میں شرکت کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔