شمالی وزیرستان میں جیٹ طیاروں کی بمباری اورفورسز کی کارروائی، 71 شدت پسند ہلاک، متعدد زخمی

ویب ڈیسک  بدھ 21 مئ 2014
شمالی وزیرستان میں غیرمعینہ مدت کیلئےکرفیو نافذ کردیا گیا ہے   فوٹو؛ فائل

شمالی وزیرستان میں غیرمعینہ مدت کیلئےکرفیو نافذ کردیا گیا ہے فوٹو؛ فائل

شمالی وزیرستان: میران شاہ اور میر علی سمیت ایجنسی کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی  شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کے نتیجے میں 71 دہشت گرد ہلاک جب کہ 30 زخمی ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ اور میر علی سمیت مختلف علاقوں میں شدت پسندوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر جیٹ طیاروں اور گن شپ ہیلی کاپٹرز کی مدد سے بمباری کی جس کے نتیجے میں 60 دہشت گرد ہلاک جب کہ 30 زخمی ہو گئے، بمباری سے شدت پسندوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کا فیصلہ گزشتہ روز وزیراعظم کی ریز صدارت ہونے والے اعلی سطح کے اجلاس میں کیا گیا تھا، اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا تھا جہاں بھی دہشت گردی ہو گی وہاں موثر جوابی کارروائی کی جائے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  ایک دوسرے واقعے میں تحصیل میرعلی میں ہی دہشت گردوں نے  فوجی قافلے پرحملہ کردیا جس کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا تاہم جھڑپ کے نتیجے میں 11 شدت پسند ہلاک جبکہ آفیسر سمیت 4 اہل کار شہید ہوگئے۔

دوسری جانب پولیٹیکل انتظامیہ نے شمالی وزیرستان ایجنسی میں غیر معینہ مدت کے لئے کرفیو نافذ کر دیا ہے جب کہ خلاف وزری کرنے والوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میرانشاہ میں گن شپ ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ کے نتیجے میں مارے گئے  دہشت گرد پشاوردھماکے، باجوڑ اورمہند ایجنسی میں شہریوں کے قتل اورفورسزپرحملوں میں ملوث تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔