ترکیہ، اردن اور بحرین کے بعد ایک اور ملک نے اسرائیل سے سفیر واپس بلالیا

ویب ڈیسک  اتوار 5 نومبر 2023
ترکیہ، اردن، بحرین، بولیویا، کولمبیا، چلی اور ہنڈورس اسرائیل سے اپنے سفیروں کو واپس بلا چکے ہیں، فوٹو: فائل

ترکیہ، اردن، بحرین، بولیویا، کولمبیا، چلی اور ہنڈورس اسرائیل سے اپنے سفیروں کو واپس بلا چکے ہیں، فوٹو: فائل

وسطی افریقی ملک چاڈ بھی غزہ پر وحشیانہ بمباری پر احتجاج کرتے ہوئے اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلانے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی ملک چاڈ کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں پیدا ہونے والی صورت حال پر افسردہ ہیں اور احتجاجاً اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلاتے ہیں۔

چاڈ وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں غزہ میں خواتین، بچوں اور معصوم شہریوں پر بمباری پر اسرائیل کی مذمت بھی کی اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عالمی قوتیں اپنا کردار ادا کریں۔

یہ خبر بھی پڑھیں : اسرائیلی وزیر کی غزہ پر ایٹم بم گرانے کی دھمکی

چاڈ کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کا مستحکم حل وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہ جنگ بندی کے بغیر ناممکن ہے۔

قبل ازیں بولیویا اسرائیل سے اپنے سفارتی تعلقات منقطع کرچکا ہے جب کہ ترکیہ، اردن، بحرین، کولمبیا، چلی اور ہنڈورس اسرائیل سے اپنے سفیروں کو واپس بلا چکے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔