وادی تیراہ میں دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کے دوران لیفٹننٹ کرنل سمیت چار فوجی جوان شہید

ویب ڈیسک  پير 6 نومبر 2023
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 راولپنڈی: خیبرپختونخواہ کے ضلع وادی تیراہ میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت چار فوجی جوان شہید ہوگئے جبکہ تین دہشت گرد بھی مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چھ نومبر کی رات سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر وادی تیراہ میں آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس میں قیادت کرنے والے 43 سالہ لیفٹننٹ کرنل محمد حسن حیدر نے جام شہادت نوش کیا۔

مزید پڑھیں: بلوچستان اور خیبرپختونخواہ میں دہشت گردی کے واقعات میں 17 فوجی جوان شہید

دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں نائیک خوش دل خان، رفیق خان، لانس نائیک عبد القادر نے بھی جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ میں تین دہشت گرد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے۔

ispr

ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں باقی دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز پاکستان سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مستحکم بناتی ہیں۔

نماز جنازہ ادا

وادی تیراہ میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل سمیت چار فوجی جوانوں کی نماز جنازہ پشاور چھاؤنی میں ادا کی گئی جس کے بعد شہدا کے جسد خاکی اُن کے علاقوں کو روانہ کردیے گئے جہاں شہدا کی تدفین مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔