ورلڈکپ ٹرافی کی تقریب رونمائی پر مظاہرین ٹوٹ پڑے

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 22 مئ 2014
تاریخی عمارت پر پتھراؤ،برازیلین ٹیم ہوٹل کے قریب نقلی ٹرافی کو آگ لگا دی، پولیس نے 24 گھنٹے کی ہڑتال کردی۔ فوٹو: فائل

تاریخی عمارت پر پتھراؤ،برازیلین ٹیم ہوٹل کے قریب نقلی ٹرافی کو آگ لگا دی، پولیس نے 24 گھنٹے کی ہڑتال کردی۔ فوٹو: فائل

ریو ڈی جنیرو: فٹبال ورلڈ کپ ٹرافی کی تقریب رونمائی پر مظاہرین ٹوٹ پڑے ، تاریخی عمارت پر پتھراؤ بھی کیا، ادھر برازیلین ٹیم ہوٹل کے قریب مظاہرین نے نقلی ورلڈ کپ ٹرافی کو آگ لگا دی ، برازیلین پولیس نے14 ریاستوں میں 24 گھنٹے کی ہڑتال کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی پر اربوں ڈالر کے اخراجات سے ناراض مظاہرین گذشتہ روز ٹرافی کی تقریب رونمائی پر ٹوٹ پڑے، انھوں نے پارا اسٹیٹ کے دارالحکومت بیلیم کی تاریخی عمارت پر پتھراؤ کیا اور لکڑی کے بڑے بڑے ٹکڑے پھینکے۔ 12 جون سے 13 جولائی تک فٹبال کا اصل ایونٹ شروع ہونے سے قبل ٹرافی کو میزبان ملک کے مختلف شہروں میں دکھایا جا رہا ہے،مزید ہنگامے کو مدنظر رکھتے ہوئے آرگنائزرز نے تقریب کو فوری طور پر ختم کرتے ہوئے ٹرافی کو محفوظ مقام پر لے گئے۔

ادھر برازیلین ٹیم ہوٹل کے قریب مظاہرین نے 6 فٹ بلند نقلی ورلڈ کپ  ٹرافی کو آگ لگا دی، ٹیریسوپولس حکام کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے ریپلیکا ٹرافی کو تباہ کردیا جو شہر کی اہم شاہراہ پر نمائش کیلیے لگائی گئی تھی،میئر نے ایک بیان میں کہا کہ اس غنڈہ گردی کے مرتکب افراد کو پکڑنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں،انھیں قرار واقعی سزا دی جائیگی ۔

نقلی ٹرافی کو نقصان پہنچانے کا واقعہ پہلی مرتبہ رونما نہیں ہوا ، اس سے قبل بھی برازیل میں لوگوں نے کپ میسکوٹ فلیکو اور پھولنے والی فٹبالوں کو نقصان پہنچایا تھا۔ دریں اثنا برازیلین پولیس کی یونین نے اپنی ویب سائٹ پر بدھ کو14 ریاستوں میں 24 گھنٹے کی ہڑتال کا اعلان کیا ہے ، ان میں 6 ایسی ریاستیں بھی شامل ہیں جہاں ورلڈ کپ میچز منعقد ہونگے۔ چند ریاستوں میں ہڑتال سے 70 فیصد شہری پولیس فورس متاثر ہوگی جس کے ذمہ جرائم کی تحقیقات ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔