ورلڈکپ: نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو ہرا کر سیمی فائنل کیلئے راہ ہموار کرلی

ویب ڈیسک  جمعرات 9 نومبر 2023
(فوٹو: کرک انفو)

(فوٹو: کرک انفو)

آئی سی سی ورلڈ کپ کے 41 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

بنگلورو کے ایم چنا سوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 172 رنز کا ہدف دیا تھا جسے کیوی ٹیم نے 23.2 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اس کامیابی کے بعد نیوزی لینڈ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں جبکہ پاکستان کیلئے صورتحال تقریباً ناممکن ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ؛ انگلینڈ کی نیدرلینڈز کو 160 رنز سے شکست

پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر برقرار ہے جبکہ میچ کے بعد کیویز کا نیٹ رن ریٹ بھی مزید بہتر ہونے کے بعد 0.398 سے بڑھ کر 0.743 ہوگیا ہے۔

نیوزی لینڈ کی اننگز:

ہدف کے تعاقب میں کیوی اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ ڈیون کانوائے اور رچن رویندرا 45،45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیرل مچل 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

کین ولیمسن 14 اور مارک چپمین 7 رنز بناسکے۔ گلین فلپس نے 17 اور تام لیتھم نے 2 رنز کے ساتھ میچ کو اختتام تک پہنچایا۔

سری لنکا کی طرف سے اینجلو میتھیوز نے 2، دشمانتھا چمیرا اور مہیش تیکھشانا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا کی اننگز:

سری لنکن ٹیم 46.4 اوورز میں 171 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، اوپنر پاتھم نسانکا 2، کپتان کوشل مینڈس 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں چارتھ اسالنکا 8، اینجلو میتھیوز 16، دھننجایا ڈی سلوا 19، چمیکا کرونارتنے 6 اور سدیرا سمارا وکرما اور چمیرا ایک ایک رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ آئی لینڈرز کی جانب سے کوشل پریرا سب سے زیادہ 51 رنز بناکر نمایاں رہے۔ دسویں وکٹ کی شراکت میں مہیش تھیکشنا اور دلشان مدھوشانکا نے 43 رنز کی شراکت قائم کی تاہم مدھوشانکا وکٹ گنوا بیٹھے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 3، مچل سینٹنر، راچن رویندرا اور لوکی فرگوسن نے 2، 2 جبکہ ٹم ساؤتھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ اوور کاسٹ کنڈیشنز ہیں اس وجہ سے پہلے فیلڈنگ کرنا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر سری لنکا کے کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے تاہم کوشش کریں گے میں کامیابی سمیٹ کر چیمپئیز ٹرافی کیلئے براہ راست کوالیفائی کریں۔

دونوں ٹیموں نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، نیوزی لینڈ نے لوکی فرگوسن کی جگہ ایش سودھی جبکہ سری لنکا نے کسن راجیتھا کی جگہ چمیرا کو پلئینگ الیون میں موقع دیا ہے۔

دوسری جانب دونوں ٹیموں کے درمیان میچ میں 80 فیصد بارش کے امکانات ہیں، اگر میچ بارش کی وجہ سے ختم کردیا جاتا ہے تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل جائے گا۔

سری لنکا کا اسکواڈ

کپتان کوشل مینڈس، ڈیموتھ کرونارتنے، پاتھم نسانکا، سدیرا سمارا وکرما، چارتھ اسالنکا، دشن ہیمنتھا، اینجلو میتھیوز، مہیش تھیکشنا، چمیکا کرونارتنے اور دلشان مدھوشانکا

نیوزی لینڈ کا اسکواڈ

کپتان کین ولیمسن، ڈیون کونوے، راچن رویندرا، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مارک چیپمین، مچل سینٹنر، لوکی فرگوسن، ٹم ساؤتھی، ٹرینٹ بولٹ

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔