"شرم کرو! تمہیں اللہ کا ڈر نہیں"؛ مشی خان، عائزہ پر برس پڑیں

ویب ڈیسک  جمعـء 10 نومبر 2023
مشی خان نے عائزہ خان کو کھری کھری سُنا دی: فوٹو ویب ڈیسک

مشی خان نے عائزہ خان کو کھری کھری سُنا دی: فوٹو ویب ڈیسک

معروف پاکستانی اداکارہ مشی خان نے اسرائیل فلسطین کشیدگی پر خاموش رہنے اور سوشل میڈیا پر غزہ سے متعلق پوسٹ نہ کرنے پر عائزہ خان کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

گزشتہ ایک ماہ سے اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری جاری ہے جس کے نتیجے میں 10 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں معصوم بچے بھی شامل ہیں۔

اسرائیل کی فلسطین پر دہشتگردی کے خلاف جہاں دُنیا بھر کے فنکار اپنی آواز بلند کررہے ہیں اور فوری طور پر غزہ میں جنگ بند کا مطالبہ بھی کررہے ہیں تو وہیں انسٹاگرام پر 13 ملین سے زائد فالوورز رکھنے والی معروف پاکستانی اداکارہ عائزہ خان نے فلسطین سے متعلق پوسٹ کرنے سے انکار کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: “شرم کرو، تُم مغربی کٹھ پتلی ہو”؛ عائزہ خان شدید تنقید کا شکار

عائزہ خان مسلسل سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر متحرک ہیں جہاں وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنے نت نئے فوٹو شوٹس پوسٹ کررہی ہیں اور جب صارفین نے اداکارہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے یہ سوال کیا کہ وہ غزہ کے لیے پوسٹ کیوں نہیں کررہی ہیں تو عائزہ خان نے کہا کہ دعا کرنا روزانہ پوسٹ کرنے سے زیادہ بہتر ہے لہٰذا زیادہ سے زیادہ دُعا کریں اور دوسروں پر انگلی اُٹھانے اور ایک دوسرے پر الزام لگانے سے گریز کریں۔

ay2

اس پوسٹ کے بعد عائزہ خان کو صارفین کے ہاتھوں ایک بار پھر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد عائزہ نے اپنے انسٹاگرام اکاوْنٹ سے پوسٹ ہی ڈیلیٹ کردی۔

صارفین کی تنقید کے بعد اب اداکارہ مشی خان نے بھی عائزہ خان سمیت اُن تمام سوشل میڈیا اسٹارز اور فنکاروں کو کھری کھری سُنائی ہے جو فلسطین پر اسرائیلی حملوں کو خاموشی سے دیکھ رہے ہیں اور اپنی آواز بُلند نہیں کررہے ہیں۔

مشی خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں اُنہوں نے کہا کہ “میرا سوشل میڈیا انفلوئنسرز، اسٹارز اور فنکاروں سے سوال ہے کہ آپ کے سوشل میڈیا پر لاکھوں، کروڑوں فالوورز ہیں، آپ فلسطین اور غزہ کے لیے آواز کیوں نہیں اُٹھا رہے؟”

اُنہوں نے کہا کہ “آپ کو کس بات کا ڈر ہے؟ ا گر آپ فلسطین اور غزہ کے لیے پوسٹ کریں گے تو آپ کے فالوورز کم ہوجائیں گے؟ آپ پر پابندی لگا دی جائے گی؟ یا آپ کو یہ لگتا ہے کہ آپ کی فلسطین کے حق میں پوسٹ سے  وہاں کے کشیدہ حالات میں کوئی فرق نہیں پڑے گا؟”

مزید پڑھیں: عائزہ خان نے فلسطین کے بارے میں کی گئی پوسٹ ڈیلیٹ کردی

اداکارہ نے کہا کہ “فلسطین اور غزہ کے لیے آواز اُٹھانے پر بےشک آپ کے فالوورز کم ہوجائیں لیکن اللہ کی نظر میں آپ کا کچھ مقام بن جائے گا کیونکہ زورِ محشر ہم سب سے سوال کیا جائے گا کہ جب غزہ میں ظلم ہورہا تھا تو ہم خاموش کیوں تھے”۔

مشی خان نے عائزہ خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “آپ کہہ رہی ہیں کہ صرف دُعا کرو اور پوسٹ نہیں کرو، کچھ شرم کرو، آپ کو اللہ کا خوف نہیں ہے، آپ کو صرف اپنے ملین فالوورز کے کم ہونے کا ڈر ہے”۔

اُنہوں نے کہا کہ “خدارا! اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا درست استعمال کریں اور فلسطین کے لیے آواز اُٹھائیں، شاید آپ کی ایک پوسٹ سے غزہ میں جاری خونریزی رُک جائے، تھوڑا خیال کریں”۔

مزید پڑھیں: عائزہ خان بالآخر فلسطین کے حق میں بول پڑیں

اداکارہ نے مزید کہا کہ “یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ ظلم کے خلاف اور انسانیت کے لیے آواز اُٹھاوْ، اگر آج آپ خاموش رہے تو کل آپ سے ضرور آپ کی خاموشی کا  سوال پوچھا جائے گا”۔

مشی خان کے اس ویڈیو پیغام پر سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے اُن کی حمایت کی اور کہا کہ آپ ہمیشہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا درست استعمال کرتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔