مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرکے آپریشن کا فیصلہ تشویشناک ہے، عمران خان

ویب ڈیسک  جمعرات 22 مئ 2014
وزیراعظم نواز شریف طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں، عمران خان   فوٹو: فائل

وزیراعظم نواز شریف طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں، عمران خان فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں فضائی بمباری سے قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور مذاکراتی عمل کو ثبوتاژ کرکے آپریشن کا فیصلہ تشویش ناک ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عمران خان نے کہا  کہ حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکراتی عمل سے دہشت گردی میں واضح کمی آئی ہے، وزیراعظم نواز شریف طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں۔ انہوں  نے کہاکہ شمالی وزیرستان میں فضائی بمباری سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جس سے دہشت گردی میں کمی کے بجائے اضافہ ہوگا، قبائلی علاقوں میں فضائی بمباری کے ذریعے بھرپور زمینی کارروائی کی جانب بڑھا جارہا ہے۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرکے حکومت کی طرف سے آپریشن کا فیصلہ تشویشناک ہے وہاں فوج کی زمینی کارروائی سے بڑے پیمانے پر نقل مکانی ہوگی جن کی آباد کاری میں مشکلات پیدا ہوں گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ اور میر علی سمیت مختلف علاقوں میں شدت پسندوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر جیٹ طیاروں اور گن شپ ہیلی کاپٹرز کی مدد سے بمباری کی جس کے نتیجے میں 60 دہشت گرد ہلاک جب کہ 30 زخمی ہو گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔