اسرائیل میں ہزاروں افراد کا احتجاج؛ نیتن یاہو سے استعفے کا مطالبہ

ویب ڈیسک  اتوار 12 نومبر 2023
نیتن یاہو ایک ماہ گزر جانے کے باوجود حماس کے پاس اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی میں ناکام ہوگئے، مظاہرین (فوٹو: اے ایف پی)

نیتن یاہو ایک ماہ گزر جانے کے باوجود حماس کے پاس اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی میں ناکام ہوگئے، مظاہرین (فوٹو: اے ایف پی)

تل ابیب: اسرائیل کے دارالحکومت میں ہزاروں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور وزیراعظم نیتن یاہو کی خلاف احتجاج کرتے ہوئے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ پر مسلسل بمباری اور اپنے یرغمالیوں کو ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود تاحال رہا نہ کروا پانے پر اسرائیلی وزیراعظم کو اپنے ہی ملک میں شدید مخالفت اور کڑی تنقید کا سامنا ہے۔

اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کی سڑکیں اور گلیاں آج مظاہرین سے بھر گئیں۔ جنھوں نے وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرے میں مخالف جماعتوں پر کریک ڈاؤن اور غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

یہ خبر پڑھیں : جنوبی افریقا کا غزہ میں جنگی جرائم پر اسرائیلی وزیراعظم کو گرفتار کرنے کا مطالبہ

مظاہرے سے خطاب کرنے والے مقررین نے غزہ میں حماس کے ہاتھوں یرغمال 200 سے زائد اسرائیلی اور غیر ملکیوں کو بازیاب نہ کروا پانے پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو پر سخت تنقید کی اور اس ناکامی پر فوری استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : غزہ پر ایک ماہ سے جاری اسرائیلی حملوں میں 59 مساجد بھی شہید 

مظاہرین میں حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے اسرائیلی شہریوں اور فوجیوں کے اہل خانہ اور ان کے دوست بھی شامل تھے جنھوں نے حکومت سے کسی بھی قیمت پر اپنے پیاروں کی محفوظ واپسی کا مطالبہ کیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔