عراقی دارالحکومت بغداد میں 3 دھماکے، 16 افراد ہلاک متعدد زخمی ہوگئے

ویب ڈیسک  جمعرات 22 مئ 2014
دھماکوں کے بعد مقدس مقامات کی سیکیورٹی سخت کرتے ہوئے اہم شاہراہوں پر اضافی نفری تعینات کردی گئی.    فوٹو؛ فائل

دھماکوں کے بعد مقدس مقامات کی سیکیورٹی سخت کرتے ہوئے اہم شاہراہوں پر اضافی نفری تعینات کردی گئی. فوٹو؛ فائل

عراقی دارالحکومت بغداد  کے مختلف علاقوں میں 2 خودکش سمیت 3 بم دھماکوں میں 16 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد کے مختلف علاقوں میں امام موسی الخادم کی یاد میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا تھا جن کو  دہشت گردوں کی جانب سے نشانہ بنایا گیا اور وسطی بغداد کے علاقے باب الشرجی،مغربی حصے منصور اور نواحی علاقے شب میں تقریبات کےد وران دھماکے کیے گئے جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ ہلاک و زخمی ہونےوالوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

 پولیس کے مطابق منصور میں ہونے والا دھماکا خودکش تھا جس میں برقع پوش خودکش بمبار نے تقریب میں گھس کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 26 زخمی ہوئے  جبکہ سینٹرل بغداد میں بھی تقریب کے دوران  کار میں سوار خود کش حملہ آور نے قریب آکرکار دھماکے سے اڑا دی جس میں 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب بغداد کے نواحی علاقے شب میں کار میں نصب دھماکا خیز مواد پھٹنے سے 5 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ دھماکوں کے بعد شہر میں مقدس مقامات کی سیکیورٹی سخت کرکے  اہم شاہراہوں پر سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری کو تعینات کردیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ حملوں کے پس پردہ بیرون ہاتھ ملوث ہونے کا امکان ہے جبکہ دہشتگردوں کی سرکوبی کے لئے سخت آپریشن کی ہدایات بھی کردی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔