ایف بی آر کو گوشوارے جمع کرانے کا عمل آسان بنانے کی ہدایت

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 23 مئ 2014
آئندہ مالی سال 2014-15 کے وفاقی بجٹ میں ٹیکس دہندگان کو دیگر کی نسبت زیادہ سہولتیں دی جائیں،وفاقی وزیر خزانہ کی ہدایت    فوٹو: اے ایف پی/ فائل

آئندہ مالی سال 2014-15 کے وفاقی بجٹ میں ٹیکس دہندگان کو دیگر کی نسبت زیادہ سہولتیں دی جائیں،وفاقی وزیر خزانہ کی ہدایت فوٹو: اے ایف پی/ فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ مالی سال 2014-15 کے وفاقی بجٹ میں ٹیکس دہندگان کے لیے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے عمل کو آسان بنایا جائے اور ٹیکس دہندگان کو دیگر کی نسبت زیادہ سہولتیں دی جائیں۔

یہ ہدایات انہوں نے گزشتہ روز بجٹ سازی کے عمل کا جائزہ لینے کے بارے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ وفاقی وزیر کو تاجروں، صنعت کاروں اور پیشہ وارانہ اداروں کے نمائندوں کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کے بارے میں بریفنگ دی جس پر وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ بجٹ کو حتمی شکل دینے کے عمل میں ان تجاویز کا سنجیدگی کے ساتھ جائزہ لیا جانا چاہیے۔

انہوں نے ایف بی آر کے ممبران کو ہدایت کی کہ گوشوارے جمع کرانے کے عمل کو آسان بنایا جائے اور ٹیکس دہندگان کو دیگر کی نسبت زیادہ سہولتیں دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کو سہولت دینے کے لیے ٹیکس رپورٹنگ کے طریقہ کار کو آسان بنایا جانا چاہیے تاکہ لوگ ٹیکس سے بھاگنے کے بجائے اسکی ادائیگی کو ترجیح دیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔