کاؤنٹی کرکٹ؛ سعید اجمل کی عمدہ کارکردگی گوروں کو ہضم نہ ہوسکی

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 23 مئ 2014
براڈ کے ٹویٹ پراسپنر بھڑک اٹھے، پاک انگلش بورڈز کے توسط سے وضاحت طلب کرینگے۔ فوٹو: فائل

براڈ کے ٹویٹ پراسپنر بھڑک اٹھے، پاک انگلش بورڈز کے توسط سے وضاحت طلب کرینگے۔ فوٹو: فائل

لندن: کاؤنٹی کرکٹ میں آف اسپنر سعید اجمل کی عمدہ کارکردگی گوروں کو ہضم نہیں ہوئی، میچ وننگ پرفارمنس کے بعد بولنگ ایکشن پر شکوک ظاہر کرنا شروع کردیے۔

انگلش پیسر اسٹورٹ براڈ کے ٹویٹ پر پاکستانی اسپن بولر بھی بھڑک اٹھے، پاکستان اور انگلش بورڈ کے توسط سے وضاحت طلب کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق سعید اجمل نے ایسیکس کیخلاف کائونٹی چیمپئن شپ میں 13 وکٹیں لے کر اپنی ٹیم ووسٹرشائر کو کامیابی سے ہمکنار کیا مگر اب ان کیخلاف ٹویٹر پر پروپیگنڈہ شروع کردیا گیاہے، سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے اسپنر کے بولنگ ایکشن کی ایک تصویر اپ لوڈ کی اور ساتھ میں کیپشن دیا کہ ’ آپ کو 15 ڈگری تک ڈلیوری کی اجازت ہے‘ جس پر براڈ نے تبصرہ کیا کہ ’یہ بھی کوئی جعلی تصویر ہوگی‘؟ پھر دوسرا ٹویٹ کیا کہ ’جب لیب میں تجزیہ ہورہا ہوتا ہے تو بولر مختلف انداز میں بولنگ کرتے ہیں اور میدان میں وکٹیں لینے کیلیے الگ انداز ہوتا ہے‘۔

اس پر سعید اجمل بھڑک اٹھے، وہ اس نتیجے پر پہنچے کہ براڈ کے کہنے کا مقصد یہ ہے کہ ان کا میچ صورتحال میں ایکشن لیب میں تجزیے کے دوران سے مختلف ہے،یہ اشارہ دیا گیاکہ ان کی بولنگ قانونی حدود میں نہیں ہے، انھوں نے اپنے ایجنٹ کو  ہدایت کی کہ وہ اس بارے میںپی سی بی کے ساتھ انگلش بورڈ سے بھی بات کرکے وضاحت طلب کریں۔واضح رہے کہ براڈ ای سی بی سے زیر معاہدہ ہیں جس کی رو سے وہ کسی بھی پلیئر کے بارے میں عوامی سطح یا پلیٹ فورم پر تبصرہ نہیں کرسکتے،  کوڈ کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر انھیں سزا بھی ہوسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔