تھائی لینڈ کی فوج نے معزول وزیراعظم کو اہل خانہ سمیت حراست میں لے لیا

ویب ڈیسک  جمعـء 23 مئ 2014
فوج نے معزول وزیراعظم ینگ لک شناواترا سمیت 100 سیاستدانوں کو بنکاک میں ایک فوجی مرکز میں طلب کیا تھا.   فوٹو؛فائل

فوج نے معزول وزیراعظم ینگ لک شناواترا سمیت 100 سیاستدانوں کو بنکاک میں ایک فوجی مرکز میں طلب کیا تھا. فوٹو؛فائل

بنکاک: تھائی لینڈ میں فوجی بغاوت کے ایک روز بعد فوج نے اقتدار پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کے لئے معزول وزیر اعظم ینگ لک شناوترا کو ان کے اہل خانہ سمیت حراست میں لے لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فوج نے معزول وزیراعظم ینگ لک شناوترا سمیت 100 سیاستدانوں کو بنکاک میں ایک فوجی مرکز میں طلب کیا تھا جس کے بعد انہیں وہاں حراست میں رکھتے ہوئے ان کے اہل خانہ کو بھی حراست میں لے لیا جب کہ  فوج نے ملک کے 155 معروف سیاست دانوں اور کارکنان پر بغیر اجازت ملک سے باہر جانے پربھی پابندی لگادی ہے۔

دوسری جانب دارالحکومت بنکاک اور دیگر شہروں میں مظاہروں پر قابو پانے کے لئے فوج تعینات ہے جبکہ بنکاک میں فوجی بغاوت کے خلاف کچھ مظاہرین سڑکوں پر آئے لیکن فوجی رد عمل کے خوف سے مزاحمت نہ کرسکے اور منتشر ہوگئے۔

واضح رہے کہ 22 مئی کو فوج کی جانب سے باضابطہ مارشل لا کے اعلان کے بعد ملکی آئین معطل ہے جب کہ جلسے، جلوسوں اور مظاہروں پر بھی پابندی عائد ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔