خیبر پختونخوا حکومت نے سروس اسٹرکچر کے حوالے سے ینگ ڈاکٹرز کا مطالبہ تسلیم کرلیا

ویب ڈیسک / نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 23 مئ 2014
وزیراعلیٰ نےینگ ڈاکٹرز کے مطالبات کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی۔   فوٹو: ایکسپریس

وزیراعلیٰ نےینگ ڈاکٹرز کے مطالبات کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی۔ فوٹو: ایکسپریس

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے سروس اسٹرکچر کے حوالے سے ینگ ڈاکٹرز کا مطالبہ تسلیم کرلیا جس کے بعد ڈاکٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ینگ ڈاكٹرز كے نمائندہ وفد نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل ومطالبات سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران پرویز خٹک نے ینگ ڈاكٹرز كی ہڑتال اور تالہ بندیوں پر اظہار افسوس كرتے ہوئے كہا كہ مطالبات منوانے كے لئے غریب مریضوں كو تكالیف سے دوچار كرنا كسی طور مہذب طریقہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حكومت ڈاكٹروں كو سب كچھ دینے كو تیار ہے مگر انہیں ڈیوٹی پر حاضری اور طبی مراكز كو حقیقی معنوں میں شفا خانے بنانا ہوں گے۔ اس موقع پر پرویز خٹک نے سروس اسٹرکچر کی منظوری کی یقین دہانی کراتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام اور ینگ وسینئر ڈاکٹروں پر مشتمل کمیٹی بنانے کی ہدایت کی جو 20 دنوں میں سفارشات مرتب کرے گی۔

ینگ ڈاكٹرز کے وفد نے سروس اسٹركچر كی منظوری سے متعلق وزیر اعلیٰ اور وزیر صحت كی یقین دہانی پر ہڑتال ختم كرنے كا اعلان کرتے ہوئے یقین دلایا كہ ان كے جائز مسائل حل ہونے پر آئندہ كسی ہڑتال كی نوبت نہیں آئے گی۔ دوسری جانب سروس اسٹركچر كی منظوری پر ڈاكٹروں نے انتہائی خوشی كا اظہار کرتے ہوئے بھنگڑے ڈالے اور صوبائی وزیر صحت كو بھی كندھوں پر اٹھایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔