بزنس لون اسکیم، نیشنل بینک سے 5 ہزار 350 نوجوانوں کو آفر لیٹر جاری

بزنس رپورٹر  ہفتہ 24 مئ 2014
اسکیم میں خواتین بھی شامل،زیادہ ترنے ڈیری فارم کیلیے قرض لیا، درخواست گزار50 ہزار سےتجاوز ۔ فوٹو: فائل

اسکیم میں خواتین بھی شامل،زیادہ ترنے ڈیری فارم کیلیے قرض لیا، درخواست گزار50 ہزار سےتجاوز ۔ فوٹو: فائل

کراچی: پرائم منسٹر یوتھ بزنس لون اسکیم کے تحت ملک بھر سے قرضے حاصل کرنے والے 5350 نوجوانوں کو نیشنل بینک آف پاکستان نے آفر لیٹر جاری کر دیے ہیں،46 مختلف شعبوں میں قرضہ حاصل کرنے والوں میں زیادہ تعداد میں لوگوں نے ڈیری فارم کے لیے قرضہ حاصل کیا۔

نیشنل بینک کے ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں لون حاصل کرنے والے نوجوانوں کو وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف اپنے ہاتھوں سے چیک تقسیم کریں گے۔ ذرائع کے مطابق نوجوانوں کا کاروبارفوری شروع کرانے کے لیے ملک بھر کی سیکڑوں برانچز سے17 مئی ہفتے کو چھٹی ہونے کے باوجود آفر لیٹرز لون حاصل کرنے والوں کے گھروں پر نہ صرف روانہ کیے گئے بلکہ انہیں بذریعہ فون اطلاع بھی کی گئی ہے جبکہ جن نوجوانوں کو رہائشی پتے پر لیٹر موصول نہیں ہوئے انہوں نے نیشنل بینک کی متعلقہ برانچوں سے خود لیٹر حاصل کرلیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق جن افراد کی قرضے کی درخواستیں منظور ہوئیں ہیں ان میں خواتین بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق آفر لیٹرز جاری کرنے کے بعد یہ ابہام ختم ہوگیا ہے کہ نوجوانوں کا قرضہ ملے گا یا نہیں تاہم جن لوگوں کو بھی قرضہ دیا جارہا ہے وہ مکمل میرٹ پر شفاف طریقے سے جانچ پڑتال کے بعد جاری ہورہا ہے۔ ذرائع کے مطابق درخواستیں دینے والوں کی تعداد 50 ہزار سے زائد ہے جن میں سے پہلے مرحلے میں 5350 نوجوانوں کو قرضہ کی منظوری دی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔