کرنٹ لگنے سے محنت کش سمیت 3 افراد جاں بحق، 2 زخمی، ساحل سے ڈوبی ہوئی لاش ملی

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 24 مئ 2014
کام کے دوران 26سالہ عرفان،بجلی کا کنڈا لگاتے ہوئے 25 سالہ فرخ اورویلڈنگ کے دوران کرنٹ لگنے سے26 سالہ اقبال ہلاک ہوا۔ فوٹو: فائل

کام کے دوران 26سالہ عرفان،بجلی کا کنڈا لگاتے ہوئے 25 سالہ فرخ اورویلڈنگ کے دوران کرنٹ لگنے سے26 سالہ اقبال ہلاک ہوا۔ فوٹو: فائل

کراچی: مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں محنت کش سمیت3افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے، ساحل سمندر سے ایک شخص کی ڈوبی ہوئی لاش ملی۔

تفصیلات کے مطابق گورا قبرستان کے قریب گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے26سالہ محمد عرفان ولد محمد لطیف ہلاک ہو گیا،قائد آباد گرین سٹی میں ویلڈنگ  کے دوران کرنٹ لگنے سے26 سالہ اقبال جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق متوفی محنت کش تھا، دکان پر کام کے دوران کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوا، قائد آباد کا رہائشی تھا ، اورنگی ٹاؤن نمبر13میں جمعرات اور جمعہ کی درمیان شب کرنٹ لگنے سے25 سالہ فرخ ولد خورشید ہلاک ہو گیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کے وقت متوفی بجلی کا کنڈا لگا رہا ،واقعے میں دو افراد کرنٹ لگنے سے زخمی بھی ہوئے جنہیں نجی اسپتال لے جایا گیا ، متوفی کے ورثا نے پولیس کارروائی سے انکار کر دیا ، درخشاں کے علاقے کلفٹن سی ویو کے ساحل سے28 سالہ شخص کی سمندر میں ڈوبی ہوئی لاش ملی،اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پولیس کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچایا ، درخشاں تھانے کے ڈیوٹی افسر نے بتایا کہ متوفی کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت کی جا سکے،متوفی صورت شکل سے بنگالی نژاد لگتا ہے،شبہ ہے کے متوفی ماہی گیر  ہے،سمندر میں مچھلی کے شکار کے دوران کسی مقام پر گر کر ڈوب گیا ہوگا،لاش بہتی ہوئی سی ویو کے ساحل پر آگئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔