لبنان؛ اسرائیلی بمباری میں مسلم خاتون رپورٹر اور کیمرامین شہید

ویب ڈیسک  منگل 21 نومبر 2023
غزہ میں 50 سے زائد صحافی فرائض کی انجام دہی کے دوران اسرائیلی بمباری کا نشانہ بن چکے ہیں ، فوٹو: الميادين ٹی وی

غزہ میں 50 سے زائد صحافی فرائض کی انجام دہی کے دوران اسرائیلی بمباری کا نشانہ بن چکے ہیں ، فوٹو: الميادين ٹی وی

بیروت: لبنان کے ایک گاؤں طائر ہارفہ میں اسرائیلی بمباری میں 3 افراد شہید ہوگئے جن میں ایک خاتون رپورٹر بھی شامل ہیں۔ 

عرب میڈیا کے مطابق لبنان کے اسرائیل کی سرحد کے نزدیک گاؤں میں ایک حملے میں شہید ہونے والے تین شہریوں میں سے دو کی شناخت المیادین ٹی وی کی رپورٹر فرح عمر اور کیمرا مین ربیع معماری کے نام سے ہوئی ہے۔

لبنان کے دارالحکومت بیروت سے نشر ہونے والے عالمی ٹی وی چینل الميادين نے اسرائیلی بمباری میں اپنی رپورٹر اور کیمرا مین کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے اسرائیل کی بزدلانہ کارروائی کی مذمت کی ہے۔

الميادين ٹی وی نے 2012 میں اپنی نشریات کا آغاز بیروت سے کیا تھا اور مسلم عرب دنیا میں دیکھے جانے والا مقبول ٹی وی شمار ہوتا ہے۔ اس چینل کو لبنان، اسرائیل، فلسطین اور دیگر علاقوں میں مسلمانوں کی حمایت کرنے پر اسرائیل کی جانب سے دھمکیاں بھی ملتی رہی ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں : غزہ میں متعدد اسرائیلی فوجی اپنے ہی ساتھی اہلکاروں کی فائرنگ سے ہلاک

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیل بمباری میں 50 سے زائد صحافی اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہوچکے ہیں جب کہ 10 زخمی اور 3 لاپتا ہیں۔ اسی عرصے میں لبنان میں بھی اسرائیلی فوج نے 5 صحافیوں کو نشانہ بنایا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔