پی سی بی میں صدر کا عہدہ متعارف کرانے کی تجویز

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 24 مئ 2014
صدر کو انتخابات کے ذریعے چنا جائے گا، زیادہ تر انتظامی اختیارات حاصل ہوں گے،ذرائع۔ فوٹو: فائل

صدر کو انتخابات کے ذریعے چنا جائے گا، زیادہ تر انتظامی اختیارات حاصل ہوں گے،ذرائع۔ فوٹو: فائل

لاہور: پی سی بی کے نئے آئین میں آئی سی سی کی طرز پر صدرکا عہدہ متعارف کرانے کی تجویزدی گئی ہے،اسے انتخابات کے ذریعے چنا جائیگا، زیادہ تر انتظامی اختیارات حاصل ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے 2 سابق ججز کا تیار کردہ پی سی بی کا نیا آئین بین الصوبائی رابطہ کی وزارت اوروزیراعظم کوبھجوایا جا چکا، اب اس کی منظوری کا انتظار کیا جارہا ہے، دوسری طرف آئی پی سی کی طرف سے انتخابات کیلیے 12 جون کی ڈیڈ لائن بھی مقرر کردی گئی۔

ذرائع کے مطابق نیا آئین آئی سی سی کی طرز پرتشکیل دیا گیا، اس میں بورڈ کے صدرکا عہدہ متعارف کرانے کی تجویزدی گئی ہے جسکے پاس زیادہ تر انتظامی اختیارات ہونگے، گورننگ بورڈ بھی صدرکو ہی جوابدہ ہوگا، آئین میں متعارف کرائے جانے والے نئے عہدیدار کا انتخاب الیکشن کے ذریعے کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کرکٹ کی دنیا میں ہلچل مچانے والے بگ تھری ایشوکے بعد پاکستان میں اس طرزکا آئین تشکیل دینے کی ضرورت پیش آئی۔ان تجاویز کے حوالے سے حتمی منظوری وزیر اعظم دینگے جس کے بعد پی سی بی کے انتخابات کے حوالے سے مزید پیش رفت کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔