فرنچ اوپن؛ 9ویں ٹرافی کے منتظرنڈال کا گنیپری سے ابتدائی مقابلہ

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 24 مئ 2014
ایونٹ کے ڈراز کا اعلان، سرینا ولیمز پہلے مرحلے میں الیزی لم کا امتحان لیں گی، اعصام الحق اور بوپنا کی جوڑی کو مینز ڈبلز میں 7 ویں سیڈنگ مل گئی۔ فوٹو: فائل

ایونٹ کے ڈراز کا اعلان، سرینا ولیمز پہلے مرحلے میں الیزی لم کا امتحان لیں گی، اعصام الحق اور بوپنا کی جوڑی کو مینز ڈبلز میں 7 ویں سیڈنگ مل گئی۔ فوٹو: فائل

پیرس: سیزن کے دوسرے گرینڈ سلم فرنچ اوپن کے ڈراز کا اعلان ہوگیا، پاکستانی اسٹار اعصام الحق اور بھارتی پارٹنر روہن بوپنا کومینزڈبلز میں 7 سیڈنگ مل گئی۔

ورلڈ نمبرون اسپینش اسٹار رافیل نڈال 9 ویں مرتبہ ٹرافی جیتنے کی جنگ امریکی پلیئر رابی گنیپری کیخلاف میچ سے شروع کریں گے، سوئس ماسٹر راجرفیڈرر بھی 18ویں گرینڈ سلم ٹائٹل کی آس لیے کورٹ میں اتریں گے، ان کی پہلی آزمائش سلووینیا کے ورلڈ نمبر89 لوکاس لیکو سے ہونی ہے، ویمنز سنگلز میں امریکی سپراسٹار سرینا ولیمز اعزاز کا دفاع کریں گی، ٹاپ سیڈ کا پہلا مقابلہ نوجوان فرنچ وائلڈ کارڈ پلیئر الیزی لم کیخلاف ہونا ہے، ایونٹ کے کوالیفائنگ میچز جاری جبکہ مین رائونڈ کا آغاز اتوار سے ہوگا، فائنلز 8 جون کو ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق سیزن کے دوسرے گرینڈ سلم فرنچ اوپن کے مینز اور ویمنز سنگلز ڈراز جمعے کو جاری کردیے گئے، مینز سنگلز میں اسپینش اسٹار رافیل نڈال9 ویں مرتبہ فرنچ اوپن ٹرافی جیتنے کیلیے اپنے سفر کی شروعات امریکی پلیئر رابی گنیپری کیخلاف میچ سے کریں گے، 2005 میں پہلی مرتبہ فرنچ اوپن میں شریک ہونے والے نڈال کا یہاں پر ریکارڈ59-1 ہے، رولینڈ گیروس پر ان کی اولین شکست 2009 کے چوتھے رائونڈ میں روبن سودرلنگ کے ہاتھوں رہی، کوارٹر فائنل میں ان کے ممکنہ حریف ہموطن ڈیوڈ فیرر ہوسکتے ہیں، کامیابی کی صورت میں سیمی فائنل میں ان کا ٹاکرا اسٹینسلس واورنیکا اور برطانوی اسٹار اینڈی مرے سے ہوسکتا ہے، جوکووک پہلے رائونڈ میں پرتگال کے جوآئو سوسا کا سامنا کریں گے، تیسرے رائونڈ میں مارن کلک مدمقابل آسکتے ہیں، چوتھے مرحلے میں کینیڈا کے میلوس رائونک ان کے منتظر ہوں گے۔

راجرفیڈرر نے اگر کوارٹر فائنل میں ٹوماس بریڈیچ کو زیر کرلیا تو وہ ممکنہ طور پر سیمی فائنل میں جوکووک کے مقابل آسکتے ہیں۔سوئس ماسٹر راجرفیڈرر بھی 18ویں گرینڈ سلم ٹائٹل کی آس لیے میدان میں اتریں گے، ان کی پہلی آزمائش سلووینیا کے ورلڈ نمبر89 لوکاس لیکو سے ہوگی، سابق ورلڈ نمبرون فیڈرر اپنے گھر میںدوسری مرتبہ جڑواں بچوں کی پیدائش کے بعد پہلی مرتبہ ٹینس کورٹس میں آئیں گے،فیڈرر نے 2009 میں ایک مرتبہ فرنچ اوپن ٹائٹل جیتا ہے۔

دوسری جانب ویمنز سنگلز میں دفاعی چیمپئن اور ورلڈ نمبرون سرینا ولیمز تیسرے رائونڈ میں ممکنہ طور پر اپنی بڑی بہن وینس ولیمز کے مقابل آسکتی ہیں، سرینا رولینڈ گیروس پر اپنی 13ویں مہم کا آغاز نوجوان فرنچ وائلڈ کارڈ پلیئر الیزی لم کیخلاف میچ سے کریں گی، وینس کا پہلا ٹاکرا سوئٹزرلینڈ کی بلینیڈا بینسک سے ہوگا، سرینا نے اگر فتوحات کا سلسلہ قائم رکھا توکوارٹر فائنل  میں ان کی ممکنہ حریف روسی پلیئر ماریا شراپووا ہوسکتی ہیں، جنھیں وہ گذشتہ برس کے فائنل میں شکست سے دوچار کرکے چیمپئن بنی تھیں، سیمی فائنل میں سرینا کی ممکنہ حریف پولینڈ کی ورلڈ نمبر3 اگنیسکا ریڈوانسکا یا جرمن پلیئر اینجلیک کیربر ہوسکتی ہیں، سیکنڈ سیڈ اور2011 کی فرنچ اوپن چیمپئن لیناکی پہلی آزمائش فرنچ پلیئر کرسٹینا میلڈینووک سے ہوگی، لینا کا رائونڈ8 میں ممکنہ ٹاکرا سربیا کی جیلینا جینکووچ سے ہوسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔