جونیئر ہاکی چیمپئن شپ ؛ فائنل میں آج واپڈا اور نیشنل بینک کا ٹکراؤ

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 24 مئ 2014
پی آئی اے کو 2-3 سے شکست، مدثر علی نے آخری منٹ میں فیصلہ کن گول داغا، پنجاب کلر بھی ناکامی کا شکار۔ فوٹو: فائل

پی آئی اے کو 2-3 سے شکست، مدثر علی نے آخری منٹ میں فیصلہ کن گول داغا، پنجاب کلر بھی ناکامی کا شکار۔ فوٹو: فائل

کراچی: 33 ویں قومی جونیئر ہاکی چیمپئن شپ کے فائنل میں ہفتہ کو دفاعی چیمپئن پاکستان واپڈا اور نیشنل بینک کا ٹکرائو ہوگا، ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم کراچی میں میچ کا آغاز سہ پہر ساڑھے تین بجے  ہونا ہے۔

سیمی فائنل میں واپڈا نے پی آئی اے کو انتہائی سنسنی خیزمقابلے کے بعد 3-2 سے شکست دی، رائٹ آئوٹ مدثر علی نے آخری منٹ میں فیصلہ کن گول داغا، دوسرے معرکے میں نیشنل بینک نے پنجاب کلرکو4-1 سے مات دی، فیصلہ کن معرکے کے مہمان خصوصی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر صغیر احمد ہوں گے، اس موقع پر8 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم ہو گی۔ قبل ازیں تیسری پوزیشن کیلیے پی آئی اے اور پنجاب کلر دوپہر ایک بجے نبردآزما ہونگے ، دونوں فائنلسٹ ٹیموں نے گذشتہ برس فیصل آباد میں ہونے والی32ویں قومی ہاکی چیمپئن شپ کا فائنل بھی کھیلا تھا۔

تفصیلات کے مطابق جمعے کو پہلے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن واپڈا نے2 گول کے خسارے میں جانے کے باوجود کامیابی حاصل کی ،14ویں منٹ میں پی آئی اے کی جانب سے فل بیک ابوبکر نے دوسرے پنالٹی کارنر پر گول بنا دیا،24ویں منٹ میں رائٹ ان الیاس احمد نے لیفٹ ان اویس الرحمان کے پاس پرگیند کو جال کی نذرکرکے مقابلہ 2-0 کر دیا، تیسرے کوارٹر میں واپڈا کے جارحانہ کھیل کے نتیجے میں لیفٹ ان محمد بلال نے گول بناکر خسارہ کم کیا، 4 منٹ بعد ہی میچ کے ہیرو رائٹ آئوٹ مدثر علی نے تیسرے پنالٹی کارنر کے ریبائونڈ پر گیند کو جال میں پہنچاکر مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔

میچ ختم ہونے سے صرف 8 سیکنڈز قبل واپڈا کے مدثر علی نے کراس پر گول بناکر ٹیم کو 3-2 سے کامیاب کرادیا، واپڈا کے محمد عمر حمدی اور پی آئی اے کے کپتان اظفر یعقوب کو امپائر نے سبز کارڈ دکھاکر 2 منٹ کے لیے میدان بدربھی کیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں این بی پی نے آسان حریف پنجاب کلر کو 4-1سے شکست دیکر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کر دیا ، میچ کے دوسرے کوارٹر اور 17ویں منٹ میں فاتح ٹیم کے وسیم اکرم نے سینٹر فارورڈ عدیل لطیف کے خوبصورت پاس کو گول بناکر اپنی ٹیم کو برتری دلادی۔

دوسرے کوارٹر میں پنجاب کلر کے محمد عثمان کو 28ویں منٹ میں امپائر کی جانب سے یلوکارڈ دکھاکر 5 منٹ کے لیے میدان سے باہر کردیا گیا، محمد آصف اور این بی پی کے عابد بھٹی کو27 ویں منٹ میں سبزکارڈ کا سامنا رہا۔35ویں منٹ میں پنجاب کلر کے فل بیک محمد قاسم نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے مقابلہ 1-1کردیا،3 منٹ بعدہی رائٹ آئوٹ شان ارشاد کے گول سے کامیاب ٹیم کو 2-1 کی سبقت مل گئی، 45 اور 49ویں منٹ میں کپتان محمد عتیق اور عدیل لطیف نے گول بناکر اپنی ٹیم کو4-1 سے فتح دلادی۔ اس موقع پر کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی مہمان خصوصی تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔