اویس مظفر نے پی پی پی کے شہید کارکن کے 4 بچے گود لے لئے

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 24 مئ 2014
ٹھٹھہ اور سجاول میں بچوں کوخسرہ کے ٹیکے لگائے جائیں،کارکن مہم میں بھرپورحصہ لیں۔ فوٹو: فائل

ٹھٹھہ اور سجاول میں بچوں کوخسرہ کے ٹیکے لگائے جائیں،کارکن مہم میں بھرپورحصہ لیں۔ فوٹو: فائل

کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی سیداویس مظفر نے پیپلز پارٹی کے شہید کارکن ندیم ملکانی کی3بیٹیوں اورایک بیٹے کو گود لینے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیاہے کہ پیپلز پارٹی کسی کارکن کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

شہید کارکن کے4بچے اب ہمارے بچے ہیں،ان کی بہتر تربیت پربھرپور توجہ دی جائے گی،پیپلز پارٹی کا مذکورہ کارکن پیپلز پارٹی کے جھنڈالگا رہا تھا اوربجلی کا کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کا جوش و جذبہ قابل تعریف ہے،ہم بھی کارکنوں کے ہر دکھ سکھ میں برابر کے شریک ہیں ،چاروں بچوں افسانہ،سپنہ،سسی اورشیر کو شریک چیئرمین آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر گود لے رہا ہوں۔

دوسری جانب پی پی رہنماسیداویس مظفرنے خسرہ کے حوالے سے سندھ حکومت کی جانب سے جاری مہم کے دوران ایک معصوم بچی کوخسرہ کا ٹیکہ لگایا اور ڈی ایچ او ٹھٹھہ ڈاکٹر ظہور میمن کو ہدایت کی کہ ضلع ٹھٹھہ اور سجاول کے تمام بچوں کوخسرہ کے ٹیکے لگائے جائیں۔ انھوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ خسرہ مہم کے دوران محکمہ صحت کے حکام کابھرپور ساتھ دیں اور اگر کوئی شکایت ہوتو فوری طور پر انھیں آگاہ کیا جائے۔

قبل ازیں سید اویس مظفر نے ایران کے تعاون سے ٹھٹھہ میں قائم کی جانے والی اسپتال کا سنگ بنیاد رکھا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وسائل کی قلت کے باوجودسندھ حکومت عوام کوبنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔پیپلز پارٹی کی حکومت عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے اور عوام کے ہر دکھ سکھ میں برابر کی شریک رہی ہے ۔انھوں نے اسلامک انقلاب ایران کی ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کی جانب سے 30 بستروں پرمشتمل ایک جدیداسپتال بنانے کے اقدام کوسراہتے ہوئے کہا کہ ایران اورپاکستان کی مثالی دوستی ہے،آصف علی زرداری نے بھمبھورکو ڈویژن بنا کر تاریخی ضلع سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو تحفہ دیاہے تاکہ پسماندہ علاقے کے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل ہوسکیں۔

انھوں نے کہا کہ سجاول اور ٹھٹھہ ضلع میں بڑے پیمانے پرترقیاتی کام جاری ہیں اورعوام کو ترقی نظر آناشروع ہوگئی ہے۔ اس موقع پر ایران کے قونصل جنرل ڈاکٹرمہدی سبحانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اورایران کے تعلقات مضبوط ہے ہمارارہن سہن اورکلچر بھی ایک ہے،ایران کی حکومت تعلیم،صحت اور پینے کے صاف پانی کے منصوبوں پرخصوصی توجہ دے رہی ہے اورایران کی حکومت نے سیلاب متاثرین کی بھی بھرپور امدادکی تھی۔ تقریب میں پی پی پی کی رکن سندھ اسمبلی رخسانہ شاہ بخاری،سابق صوبائی وزیرسسی پلیجو،سابق صوبائی وزیر صادق میمن اوردیگررہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔