کراچی کے مختلف علاقوں سے ایک گھنٹے میں 4 افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 مئ 2014
شاہ لطیف ٹاؤن اور سرجانی ٹاؤن سے ملنے والی لاشوں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے، پولیس۔ فوٹو: فائل

شاہ لطیف ٹاؤن اور سرجانی ٹاؤن سے ملنے والی لاشوں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے، پولیس۔ فوٹو: فائل

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں سے ایک گھنٹے میں 4 افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں جب کہ لیاری میں پولیس مقابلے میں گینگ وار کے 2 کارندے مارے گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قائد آباد کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن سے 2 افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں جنھیں تشدد کے بعد قتل کیا گیا۔ سرجانی ٹاؤن میں بھی یارو گوٹھ کے علاقے کنیز فاطمہ سوسائٹی میں ایک گاڑی سے 2 افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں، دونوں افراد کو باتھ پاؤں باندھ کر پہلے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پھر گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لاشوں کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے تاہم لاشوں کو مزید کارروائی کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب لیاری کے علاقے کلری میں واقع کراؤن سینما کے قریب معمول کے مطابق گشت پر موجود پولیس موبائل نے مشکوک سمجھ کر موٹر سائیکل  سوار افراد  کو روکا تو انھوں نے فائرنگ کر دی، جوابی میں 2 ملزمان شدید زخمی ہو گئے، دونوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ دونوں راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحۃ اور دستی بم بھی برآمد ہوا ہےجب کہ ملزمان کے 5 ساتھی موقع سے فرارہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کا تعلق لیاری گینگ وار کے تاجو گروپ سے ہے جنکی شناخت ملا عبد المتبر اور رفیق کے نام سے ہوئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔