بھارت میں آسٹریلوی آل راؤنڈر مچل مارش کے خلاف ایف آئی آر درج

ویب ڈیسک  جمعـء 24 نومبر 2023
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

نئی دہلی: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر مچل مارش کے خلاف نئی دہلی میں ایف آئی آر درج کرادی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مچل مارش  کے خلاف پنڈت کیشو نامی ایک ایکٹیوسٹ نے دہلی گیٹ پولیس اسٹیشن میں مقد مہ درج کرادیا ہے۔ ایف آئی آر کی ایک نقل بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھی ارسال کی گئی ہے جس میں ان سے آسٹریلوی کھلاڑی کے بھارت میں کھیلنے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

مچل مارش کے خلاف  ایف آئی آر کی بنیاد انکی وہ تصویر ہے جس میں وہ ورلڈکپ کی ٹرافی پر ٹانگیں جمائے پوز دے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’’بھائی! ٹرافی کا کچھ احترام کریں‘‘ اروشی کا مارش پر طنز

واضح رہے کہ آسٹریلیا  نے ون ڈے کرکٹ ورلڈ کے فائنل میں بھارتی ٹیم کو چھ وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔ ٹورنامنٹ کے دوران ناقابل شکست رہنے والی بھارتی ٹیم کی فائنل میں غیر متوقع شکست  نے بھارتیوں  کے ورلڈ چیمپیئن بننے کا خواب چکنا چور کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: ’’جس ٹرافی کیلئے ہر ٹیم مقابلہ کرتی ہے! اسکے ساتھ ایسا سلوک اچھا نہیں‘‘

ابھی وہ اس صدمے سے سنبھلے بھی نہیں تھے کہ مچل مارش کی اس تصویر نے ان کے زخموں پر نمک پاشی کردی جس میں وہ ورلڈ کپ ٹرافی پر ٹانگیں جمائے اور فاتحانہ انداز میں ہاتھ اٹھا کر پوز دے رہے تھے۔

مزید پڑھیں: مچل مارش کا ورلڈکپ ٹرافی پر پاؤں رکھ کر آرام، بھارتی شائقین آگ بگولہ

مچل مارش کی اس وائرل تصویر نے بھارتیوں کو چراغ پا کردیا ہے اور وہ آل راؤنڈر  کی اس حرکت کو ٹرافی کی بے توقیری کے ساتھ ساتھ ایک ارب 40 کروڑ بھارتیوں کی تذلیل سے  تعبیر کررہے ہیں۔

اسی بنیاد پر پنڈت کیشو  نامی شخص نے مچل مارش کے خلاف  مقدمہ درج کرادیا ہے اور وزیراعظم نریندر مودی  سے آسٹریلوی کھلاڑی کے  بھارت میں کھیلنے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔