ہاکی ٹریننگ کیمپ کے دوران کوچ کھلاڑیوں کے جذبے سے خوش

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 25 مئ 2014
کھلاڑیوں کی خامیاں دور کرنے کے لیے ویڈیوز کی مدد بھی حاصل کررہے ہیں۔، شہناز شیخ۔ فوٹو: فائل

کھلاڑیوں کی خامیاں دور کرنے کے لیے ویڈیوز کی مدد بھی حاصل کررہے ہیں۔، شہناز شیخ۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: قومی ہاکی کوچ شہناز شیخ اور کپتان محمد عمران ایشین گیمز میں اعزازکا ساتھ دفاع کرنے کیلیے پُرعزم ہیں، کوچ کا کہنا ہے کہ کیمپ میں پلیئرز کو بھرپور ٹریننگ کرائی جارہی ہے، امید ہے کہ گرین شرٹس قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ایشین گیمز کیلیے قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ نصیربندہ اسٹیڈیم میں جاری ہے، کیمپ کے دوران ہر کھلاڑی کی خواہش ہے کہ وہ ٹیم میں جگہ بناتے ہوئے قومی کھیل کو عروج پر لانے کیلیے اہم کردار ادا کرے۔ ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ شہناز شیخ نے بھی پلیئرز کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے قومی کھیل کوراتوں رات ماضی کی بلندیوں پر لے جانے کے دعوئوں سے گریز کیا۔ انھوں نے کہا کہ میرے پاس ایسا کوئی جادو نہیں ہے کہ ٹیم کی کارکردگی فوری طور پر بہترین ہوجائے تاہم ہم سب کی کوشش ہے کہ گرین شرٹس کوفتوحات کی راہ پر گامزن کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی جانب سے بھی بھرپور رسپانس مل رہا ہے امید ہے کہ ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹائٹل کے دفاع میں سرخرو رہے گا۔

محمد عمران کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف کی جانب سے ملک بھر میں اوپن ٹرائلز کے انقعاد کے دور رس نتائج برآمد ہونگے ساتھ ہی ساتھ سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ میں سابق اولمپئنز کی شمولیت بھی خوش آئند ہے، ایشین گیمز میں بھارت اورجنوبی کوریا کی ٹیمیں سخت حریف ہوں گی لیکن امید ہے کہ طویل کیمپ اور بھرپور ٹریننگ سے حریفوں کو زیر کرنے میں مدد ملے گی ، گول کیپر عمران شاہ، علی حسین نے کہاکہ سینئر اور جونیئرز کے تال میل سے ٹیم میں جیت کا جذبہ بیدار ہوگیا ہے، فیڈریشن نے قومی کھیل کو ترقی دینے کے لیے جو پروگرام ترتیب دیا ہے اس پر عمل کیا جائے تو ماضی کا سنہری دور واپس آسکتا ہے، ملک شفقت نے کہاکہ کیمپ کے دوران دفاعی اور پنالٹی کارنر کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ،کھلاڑیوں کی خامیاں دور کرنے کے لیے ویڈیوز کی مدد بھی حاصل کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔