نارتھ ناظم آباد میں 2 گروپوں کے تصادم میں 3 افراد زخمی

اسٹاف رپورٹر  اتوار 25 مئ 2014
نامعلوم افراد کی ہوائی فائرنگ کے بعد فائیو اسٹار چورنگی میدان جنگ بن گئی،فوٹو:ایکسپریس نیوز

نامعلوم افراد کی ہوائی فائرنگ کے بعد فائیو اسٹار چورنگی میدان جنگ بن گئی،فوٹو:ایکسپریس نیوز

کراچی: نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی کے قریب 2 گروپوں کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی تصادم کی شکل اختیار کر گئی جس میں لاٹھی ، ڈنڈے ، لاتوں اور گھونسوں کا آزادانہ استعمال ہوا جس کے نتیجے میں ایک گروپ کے 3 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی کے قریب 2 گروپوں کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی تصادم کی شکل اختیار کر گئی جس میں دونوں جانب سے لاٹھی اور ڈنڈوں کااستعمال ہوا جس کے نتیجے میں ایک گروپ کے 3 افراد سہیل ، جنید اور عارف زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا اس موقع پر نامعلوم افراد اور پولیس کی جانب سے بھی ہوائی فائرنگ کی گئی جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور موقع پر موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی۔

واقعے کی اطلاع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کرلیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں گروپوں میں سے جو بھی قانونی کارروائی کے لیے آئے گا پولیس تعاون کرے گی ، نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی پر 2 گروپوں کے درمیان ہونے والے تصادم سے علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا جبکہ چاروں جانب سے آنے والا ٹریفک معطل ہوگیا اور ملحقہ علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔