پیپلز پارٹی قیادت کا بینظیر قتل کیس کی پیروی کا فیصلہ

قیصر شیرازی  اتوار 25 مئ 2014
 گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کے بیٹے خرم لطیف ایڈووکیٹ پیپلزپارٹی کی قیادت کی طرف سے عدالت پیش ہوئے۔ فوٹو: فائل

گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کے بیٹے خرم لطیف ایڈووکیٹ پیپلزپارٹی کی قیادت کی طرف سے عدالت پیش ہوئے۔ فوٹو: فائل

راولپنڈی: پیپلز پارٹی نے پارٹی کی شہید چیئرپرسن سابق وزیر اعظم  بینظیربھٹوقتل کیس کی بھرپور اندازمیں پیروی کرنے کافیصلہ کرلیا ہے۔

گزشتہ روزسابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کے بیٹے خرم لطیف ایڈووکیٹ پیپلزپارٹی کی قیادت کی طرف سے عدالت پیش ہوئے اورکیس کی بھرپور پیروی کرنے بارے کے میں آگاہ کیا۔انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج پرویزاسماعیل جوئیہ نے مقدمے کے5گواہوں، 2 مجسٹریٹ،2ڈاکٹروں اور ایک پولیس افسرکو نوٹس جاری کرکے آئندہ تاریخ31مئی کو طلب کرلیاہے اور ڈائریکٹرجنرل ایف آئی اے کی عدالت طلبی کا نوٹس بھی خارج کر دیا گیاہے۔

ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی طرف سے سینئرپراسیکیوٹر چوہدری محمداظہر نے پیش ہوکرتحریری بیان پیش کرتے ہوئے مؤقف اختیارکیاکہ بینظیر بھٹو قتل کیس پنجاب پولیس کاہے، اس کا پراسیکیوٹر مقررکرناپنجاب حکومت کاکام ہے،پنجاب حکومت نے ہی پہلے سردار اسحٰق خان کو پراسیکیوٹر مقررکیا تھا، ایف آئی اے تفتیشی ایجنسی ہے اس نے بینظیربھٹو قتل کیس کی صرف تفتیش کی ہے اورکیس کا چالان عدالت پیش کر دیاہے۔ عدالت نے اس مقدمے کے پنجاب حکومت کی طرف سے مقررکردہ پراسیکیوٹر سردارمحمد اسحٰق کونوٹس جاری کرکے آئندہ تاریخ پر طلب کر لیا،آئندہ اس کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت میں ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔