کمشنر کراچی کا ڈی سیز کو شہر کی بلند عمارتوں کا فائرسیفٹی آڈٹ کرنے کا حکم

اسٹاف رپورٹر  منگل 28 نومبر 2023
فوٹو:فائل

فوٹو:فائل

  کراچی: کمشنر کراچی محمد سلیم راجپوت  نے تمام ڈپٹی کمشنرزاور متعلقہ محکموں اور اداروں کو  شہر کی تمام بلند عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ کرنے کے احکامات جاری  کردیے۔ 

وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر کمشنر کراچی کی سربراہی میں فائر سیفٹی آڈٹ کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جس کے ارکان میں  تمام ڈپٹی کمشنرز، ٹاؤن میونسپل کمشنرز،  بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، کنٹونمنٹ بورڈز محکمہ سول ڈیفنس، پاکستان رینجرز، پولیس، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، بلدیہ عظمی کراچی کے ڈی اے، ایم ڈی اے ، ریسکیو1122 کے افسران، کے الیکٹرک  سائٹ اور  آباد کے نمائندے شامل ہیں۔

منگل کو کمشنر کراچی محمد سلیم راجپوت کی صدارت میں ان کے دفتر میں اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر نے کہا کہ  شہر میں موجود تما م  بلند تجارتی رہائشی  اور سرکاری عمارتوں کا  فائر سیفٹی آڈٹ کیا جائے گا  تاکہ مستقبل میں بلند عمارتوں میں آتش زدگی کے واقعات کی روک تھام کے موثر اقدامات کیے جاسکیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تما م اداروں کے افسران اپنے ٹیکنیکل عملے اور ما ہرین کے ہمراہ دورہ کرکے فائر سیفٹی تقاضوں کا جائزہ  لیں گے اور اپنی رپورٹ کمشنر کراچی کو پیش کریں گے۔

کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ادارے زیادہ سے زیادہ 25  روز میں سروے اورآڈٹ کاکام مکمل کرلیں۔ انھوں نے کہا کہ تمام اداروں کی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا اور فائر سیفٹی آڈٹ کے جائزے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ کو 30 روز میں  رپورٹ پیش کی جائے گی۔

کمیٹی کے قواعد اورضوابط کے مطابق تمام سیفٹی آڈٹ میں شاپنگ مالز، شاپنگ سینڑز، رہائشی سرکاری بلند عمارتوں کا جائزہ لیا جائے گا  کہ عمارتوں میں مطلوبہ آٹومیٹک آگ بجھانے والے آلات، فائر سیفٹی کا میکنز م ہے یا نہیں،آگ کی صورت میں ہنگامی طور پر عمارت سے باہر نکلنے کے لئے ایمرجنسی راستے ہیں یا نہیں، الیکٹرک وائرنگ کا معیار منظور شدہ سیفٹی کے قواعد کے مطابق ہے یا نہیں۔

کمیٹی کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ وہ عمارتوں کا بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی  کے منظور شدہ بلڈنگ پلانز کا بھی جائزہ لے کہ عمارت میں بلڈنگ قوانین پر عمل کیا جا رہا ہے یا نہیں۔

کمیٹی اپنی رپورٹ میں فائر سیفٹی کی روک تھام کے لیے تجاویز پیش کرے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز فوری طورپر اپنے اپنے ضلع  میں فائر سیفٹی آڈٹ  کے سلسلہ میں متعلقہ اداروں اور محکموں کا اجلاس منعقد کر یں گے اور اقدامات کا جائزہ لیں گے۔

ڈپٹی کمشنرز ضلعی اور سب ڈویژن کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں سروے  ٹیمیں بنائیں گے جو کمیٹی کے قواعد و ضوابط کے مطابق  اپنے اپنے علاقوں میں تمام بلند عمارتوں،  شاپنگ مالز اور شاپنگ سینٹرز کا دورہ کرکے سروے کریں گی۔

کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ  انہیں (کمشنر کراچی کو ) اگلے اجلاس میں گراف، چارٹس اور تصاویر کی مدد سے  پریزنٹیشن دیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔