سرکاری نمبر والی ڈبل کیبن گاڑیوں میں شہریوں کو اغوا کرنے والا گروہ گرفتار

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 30 نومبر 2023
سی ٹی ڈی سندھ کے انٹیلی جنس ونگ نےکارروائی کرتے ہوئےاغوا برائے تاوان میں ملوث گروہ کا سرغنہ گرفتارکرلیا

سی ٹی ڈی سندھ کے انٹیلی جنس ونگ نےکارروائی کرتے ہوئےاغوا برائے تاوان میں ملوث گروہ کا سرغنہ گرفتارکرلیا

  کراچی: سی ٹی ڈی سندھ کے انٹیلی جنس ونگ نےکارروائی کرتے ہوئےاغوا برائے تاوان میں ملوث گروہ کا سرغنہ سعد عمران گرفتارکرلیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق 10نومبر کو سی ٹی ڈی سندھ کی انٹیلی جنس ونگ کی ٹیم ڈیفنس میں علاقے میں آپریشن میں مصروف تھی کہ اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث گروہ کے8 سے 10 ملزمان انٹیلی جنس ونگ کی ٹیم پرحملہ کرکے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئےفرارہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

19نومبرکوسی ٹی ڈی پولیس نے خفیہ اطلاع پرکارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان محمد حسن، رضا اورجواد وسیم کوگرفتارکیا۔ ان پراغوا برائے تاوان کا مقدمہ اینٹی وائلنٹ کرائم سیل یونٹ میں زیرتفتیش ہونے کی بنا پر انہیں اے وی سی سی پولیس کے حوالے کردیا گیاتھا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتارملزمان شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں ۔ گرفتارملزمان اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کے لیے ڈبل کیبن گاڑیوں کا استعمال کیا کرتے تھے اورواردات کے وقت گاڑیوں پرجعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگاتے تھے۔

ملزمان اغوا کیے جانے والے مغوی شہری کوپوش علاقوں میں گھماتے رہتے تھے اور کچھ گھنٹوں کے بعد گروہ کے سرغنہ سعد عمران کے بنگلے پر لے جاتے۔

مغوی شہری کوبنگلے پر زدوکوب کرکے رقم کا تقاضہ کرتے تھے۔ پوش علاقوں میں مغوی شہری کے ہمراہ اے ٹی ایم سے رقم نکلواتے جس کے بعد مغوی شہری کورہا کردیا کرتے تھے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ریکارڈچیک کرنے پرمعلوم ہوا کہ گرفتارگروہ کے سرغنہ سعد عمران کے خلاف پریڈی،بوٹ بیسن اورگلبرگ تھانے میں متعدد مقدمات درج ہیں۔ گرفتارملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے دوران تفتیش مزید انکشافات کی توقع ہے۔۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔