پاک، بھارت کرکٹ روابط کی بحالی کا وقت آگیا، وسیم اکرم

اسپورٹس ڈیسک  پير 26 مئ 2014
آئی پی ایل میں پاکستانی پلیئرز کیلیے دروازے کھول دیے جانے چاہئیں، سابق آل رائونڈر۔ فوٹو: فائل

آئی پی ایل میں پاکستانی پلیئرز کیلیے دروازے کھول دیے جانے چاہئیں، سابق آل رائونڈر۔ فوٹو: فائل

نئی دہلی: سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ تعلقات کی بحالی کا وقت آگیا، دونوں ممالک کو پھر سے کھیل کا رشتہ جوڑ لینا چاہیے، سیاست اور کھیلوں کو الگ رکھنا ہی بہتر ہوتا ہے، پاکستانی کھلاڑیوں کی موجودگی سے خود آئی پی ایل کی قدر میں اضافہ ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے بھارتی میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ بھارت میں انتخابات کے بعد نئی حکومت قائم ہونے والی ہے، پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نامزد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شریک ہونگے، اس موقع کی مناسبت سے وسیم اکرم سمجھتے ہیں کہ اب دونوں ملکوں میں کرکٹ کا ٹوٹا ہوا رشتہ بھی پھر سے جڑ جانا چاہیے، انھوں نے کہا کہ میں ہمیشہ سے یہ بات کہہ رہا ہوں کہ کھیلوں اور سیاست کو کبھی آپس میں نہیں ملانا چاہیے، پاک بھارت مقابلوں میں دنیا کی بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملتی ہے، بدقسمتی کی بات تو یہ ہے کہ ہم غیرمتعلقہ وجوہات کی بنا پر عظیم مقابلوں کو دیکھنے سے قاصر ہیں۔

وسیم اکرم سمجھتے ہیں کہ آئی پی ایل میں پاکستانی پلیئرز کی شرکت خود ٹورنامنٹ کے لیے فائدہ مند ہے، انھوں نے کہا کہ مجھے اس بات کا پورا یقین ہے کہ اگر پاکستانی پلیئرز پر آئی پی ایل کے دروازے کھول دیے جائیں تو وہ ٹیموں کی اہمیت میں اضافہ کردیں گے، ویسے بھی پاکستان میں آئی پی ایل کو پسند کیا جاتا ہے اگر اس میں پاکستانی پلیئرز شامل ہوں گے تو پھر وہاں پر اس کی مقبولیت میں کئی گنا اضافہ ہوجائیگا۔ وسیم اکرم آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے بولنگ کوچ ہیں، اپنی ٹیم کی پرفارمنس کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ہماری یہ ٹیم نئی ہے، نئے کمبی نیشن کو سیٹ ہونے میں کچھ وقت لگتا ہے اس لیے شروع کے چند میچز میں ناکامی کے بعد ہم نے بہترین کھیل پیش کیے، گوتم گمبھیر ایک بہترین کپتان اور اپنی ذمہ داری بخوبی نبھارہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔