نیب پنڈی کی آرائیں ہاؤسنگ سوسائٹی سے 60 کروڑ کی ریکوری 450 متاثرین میں تقسیم

راولپنڈی کی فراڈ مقدمات میں یہ تاریخ کی سب سے بڑی ریکوری ہے


ویب ڈیسک December 04, 2023
راولپنڈی کی فراڈ مقدمات میں یہ تاریخ کی سب سے بڑی ریکوری ہے

قومی احتساب بیورو (نیب)راولپنڈی نے آرائیں ہائوسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ سے 60 کروڑ روپے کی رقم برآمد کر کے 450 متاثرین میں تقسیم کردی ہے۔

پیر کو متاثرین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب نیب راولپنڈی میں منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر تھے ۔

نیب نے آرائیں ہاوسنگ سوسائٹی انتظامیہ سے 60 کروڑ ریکوری کی ۔ نیب راولپنڈی کی فراڈ مقدمات میں یہ تاریخ کی سب سے بڑی ریکوری ہے، برآمد رقم متاثرین کو اسکروٹنی کے بعد واپس کی جا رہی ہے، ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ نے پلی بارگین کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

ملزم نے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا پر غیر قانونی سوسائٹی کی تشہیر کی، جبکہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے این او سی کے لیے اپلائی ہی نہیں کیا تھا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے کہا کہ نیب نے متاثرین کو لوٹی گئی رقم واپس دلوا کر اپنا فرض اد ا کیا ، نیب بلا تخصیص احتساب پر یقین رکھتا ہے، پوری توجہ بدعنوانی کیسز پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب اور میڈیا میں ہائوسنگ سوسائٹیوں میں فراڈ اور دھوکہ دہی سے متعلق مسلسل آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے تاہم لوگ پھر بھی جعلی اور غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں میں سرمایہ کاری کرتے ہیں، لوگوں کو کسی بھی ہائوسنگ سوسائٹی میں سرمایہ کاری سے قبل اس کی قانونی حیثیت کے بارے میں جانچ پڑتال کرنی چاہئے اور صرف قانونی اور رجسٹرڈ ہائوسنگ سوسائٹیوں میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ نیب اپنی ذمہ داریوں کو بھرپور طریقے سے ادا کرے گا تاہم سب کو خود اپنا احتساب کرنا چاہیے۔

ڈی جی نیب راولپنڈی کی قیادت میں نیب کی تفتیشی افسر بینش جاوید نے قابل تعریف کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساٹھ کروڑ کی ریکوری یقینی بنائی ۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی نیب راولپنڈی مرزا عرفان بیگ نے کہا کہ نیب نے اپنے قیام سے اب تک مجموعی طور پر 6 ارب روپے سے زائد کی ریکوری کی ہے۔ 50 ہزار سے زائد متاثرین کو ان کی لوٹی گئی رقم واپس دلوائی۔

اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر اور ڈی جی نیب راولپنڈی مرزا عرفان بیگ نے متاثرین میں چیک تقسیم کئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں