وزارت داخلہ نے اسلام آباد کی سیکیورٹی کیلئے خصوصی پلان جاری کردیا

ویب ڈیسک  پير 26 مئ 2014
ریڈزون کی حفاظت کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں،وزیر داخلہ کی ہدایت۔
فوٹو:فائل

ریڈزون کی حفاظت کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں،وزیر داخلہ کی ہدایت۔ فوٹو:فائل

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے اسلام آباد کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی پلان جاری کردیا جس کے تحت وفاقی دارالحکومت کو 13 زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے اسلام آباد کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی پلان  جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت وفاقی دارالحکومت کو 13 زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ خصوصی سیکیورٹی پلان کے تحت منگل کی صبح سے رینجرز اور پولیس کے دستے شہر میں مشترکہ گشت کریں گے جبکہ پٹرولنگ کرنے والی گاڑیوں کی نگرانی کے لیے بھی مشترکہ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ہدایت دی  ہے کہ ریڈزون کی حفاظت کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں جبکہ پولیس دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے ڈیوٹی پر نظر آئے۔ وزیر داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ دارالحکومت میں داخل ہونے والے ہر شخص کی سخت چیکنگ کی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔