ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کا شاندار اختتام

ایڈیٹوریل  پير 26 مئ 2014
ایکسپریس میڈیا گروپ اس امر سے بخوبی واقف ہے کہ ملکی ترقی کے لیے تعلیم وہ شعبہ ہے جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا   فوٹو: ایکسپریس

ایکسپریس میڈیا گروپ اس امر سے بخوبی واقف ہے کہ ملکی ترقی کے لیے تعلیم وہ شعبہ ہے جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا فوٹو: ایکسپریس

ایکسپریس میڈیا گروپ ملک میں جاری امن و امان کی خراب صورت حال کے باوجود ایسے پروگرام کا انعقاد کرتا رہا ہے جو نا صرف عوامی دلچسپی کے حامل ہوتے ہیں بلکہ باصلاحیت اور ہنرمند افراد کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اس امر سے بخوبی واقف ہے کہ ملکی ترقی کے لیے تعلیم وہ شعبہ ہے جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ ہمارے مستقبل کا انحصار آج کے طلبا و طالبات کی بہترین تعلیم اور تربیت پر ہے، اسی وجہ سے ایکسپریس میڈیا گروپ طلبا و طالبات اور باصلاحیت افراد کے لیے خصوصی پروگرام منعقد کرتا رہا ہے۔ اسی طرز کا ایک پروگرام کراچی ایکسپو سینٹر میں ’’ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو‘‘ کے نام سے منعقد کیا گیا، سخت گرمی کے موسم میں ایکسپریس کی جانب سے منعقدہ پروگرام بہار کا خوشگوار جھونکا ثابت ہوا، جسے مخدوش صورتحال سے دوچار منی پاکستان کے شہریوں خصوصاً تعلیمی اداروں اور طلبا و طالبات کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ کے تحت 2 روز تک جاری رہنے والی ’’ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو‘‘ اتوار کو اختتام پذیر ہوگئی، ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو میں نجی و سرکاری جامعات اور کالجوں کے طلبا و طالبات کی شرکت کے گزشتہ تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے اور اتوار کو عوام کی غیر معمولی تعداد نے ایکسپو سینٹر کراچی کا رخ کیا۔ اس موقع پر کیریئر کنسلٹنٹس کی جانب سے لگائے گئے اسٹالز پر بھی طلبا و طالبات اور ان کے والدین کا رش دیکھنے میں آیا، ان کی دلچسپی دیدنی تھی جہاں طلبا و طالبات بیرون ملک مختلف جامعات میں تعلیمی پروگرام کے حوالے سے معلومات حاصل کرتے رہے۔

طلبا اور ان کے والدین نے ایکسپریس میڈیا گروپ کی جانب سے ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو میں ایک چھت کے نیچے ’’ایجوکیشن اور کیریئر‘‘ کے اشتراک کے لیے کیے گئے اقدام کی تعریف کی اور اسے بے حد سراہا ۔ اس موقع پر طلبا کا کہنا تھا کہ انھیں ایک وقت اور ایک ہی جگہ اپنے تعلیم اور مستقبل میں اس حوالے سے عملی جدوجہد پر اہم معلومات حاصل ہوئی ہے، جس کے لیے وہ ایکسپریس میڈیا گروپ کے شکر گزار ہیں ۔ ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کے دوسرے اور آخری روز اتوار کو ’’ایکٹیویٹی ہال میں گانوں، فوٹوگرافی، فیشن شو، بینڈ، ڈراما اور تقریری مقابلوں کا انعقاد ہوا جس میں جامعہ کراچی، ہمدرد یونیورسٹی، این ای ڈی یونیورسٹی، محمد علی جناح یونیورسٹی (ماجو)، پی ایف کیٹ، آئی سی میپ اور ڈاؤ یونیورسٹی سمیت دیگر کئی انسٹی ٹیوٹ اور جامعات کے طلبا و طالبات نے حصہ لیا اور مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کی۔ ایکسپریس میڈیا گروپ کی جانب سے مقابلوں میں مجموعی کارکردگی پر پہلا انعام آئی سی ایم اے پی اور دوسرا انعام ہمدرد یونیورسٹی نے حاصل کیا۔

مقابلوں میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلبا و طالبات کو انعامات دیے گئے جب کہ جیوری کی خدمات دینے والوں کو اعزازی شیلڈز دی گئیں۔ نمائش میں کرائے گئے ہم نصابی مقابلوں میں شارٹ فلم میں پہلا انعام ماجو، دوسرا انعام جامعہ کراچی اور تیسرا انعام ہمدرد یونیورسٹی نے حاصل کیا، مزید برآں تقریری مقابلے میں پہلا انعام ڈاؤ یونیورسٹی، دوسرا انعام ہمدرد یونیورسٹی اور تیسرا انعام آئی سی ایم اے پی نے حاصل کیا۔ ڈرامے کے مقابلے میں پہلا انعام آئی سی ایم اے پی، دوسرا انعام پی ایف کیٹ اور تیسرا انعام ماجو نے حاصل کیا۔ فیشن شو کے مقابلے میں پہلا انعام آئی سی ایم اے پی اور دوسرا انعام پی ایف کیٹ نے حاصل کیا۔ فوٹوگرافی میں پہلا انعام آئی سی ایم اے پی، دوسرا انعام ہمدرد یونیورسٹی اور تیسرا ماجو نے حاصل کیا۔

گانوں کے مقابلے میں پہلا انعام اردو یونیورسٹی، دوسرا انعام آئی سی ایم اے پی اور تیسرا انعام پی ایف کیٹ نے حاصل کیا۔ اسی طرح ڈانس کے مقابلے میں پہلا انعام ہمدرد یونیورسٹی، دوسرا انعام این ای ڈی اور تیسرا انعام آئی سی ایم اے پی کے طلبا نے حاصل کیا۔پینٹنگ کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبا کو بھی اعزازی سرٹیفکیٹ دیے گئے، طلبا نے پینٹنگ کے مقابلے میں مختلف قدرتی مناظر کی خوبصورت پینٹنگز تخلیق کی تھیں۔ ایکسپریس گروپ کے زیر اہتمام فیملی فیسٹیول، ایجوکیشن اینڈ کیریئر، فورم اور دیگر پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا رہا ہے۔

حقیقت میں ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کا بنیادی خیال ملک بھر میں زیر تعلیم اور فارغ التحصیل نئی نسل کی ان تعلمی ،تخلیقی ،تکنیکی اور سائنٹیفک صلاحیتوں سے ارباب اختیار ، سرمایہ کاروں اور دنیا بھر کی جامعات اور فنی اداروں کے نگرانوں کو روشناس کرناہے جو اگر چاہیں تو ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔ دنیا بھر میں جدید تعلیم اور ناگزیر معاشی ضروریات کے درمیان ایک حقیقی اور بنیادی تعلق پر تحقیق کا دریا امنڈ آیا ہے، اسکولوں، کالجوں اور جامعات کے نصاب اس طرز پر ڈھالے اور لکھوائے جارہے ہیں۔

جو ریاستی، قومی اور انفرادی ضرورتوں سے ہم آہنگ ہو کیونکہ جدید ریسرچ ، قومی تقاضوں اور ملکی معاشی وسائل کو بروئے کار لانے والی تعلیم ہی جینئس قسم کے طالب علموں کا کھوج لگا سکتی ہے اور پاکستان کے خوبصورت خیالات رکھنے والے مستقبل کے معماروں کی محنت و خدمت سے قوم و ملک کے مختلف ادارے ،صنعتی یونٹس ، کارکانے ، کاروباری فرمیں اور دیگر ممالک بھی استفادہ کرسکتے ہیں ۔ کونسلنگ اس ضمن میں آج کے جدید دور کے اقتصادی اور عملی تقاضوں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر رہی ہے اور اسی روشن روایت کو ادارہ جاتی بنیاد مہیا کرنے کے لیے ایکسپریس میڈیا گروپ نے اس ایکسپو کا اہتمام کیا تاکہ تعلیم اور کیریئر کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے نئی نسل کو جہاں تک ہوسکے مکمل رہنمائی ملتی رہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔