ملک کو دیمک کی طرح کھانے والی برائیوں سے نجات دلانے کیلئے علم جہاد بلند کیا جائے، الطاف حسین

ویب ڈیسک  منگل 27 مئ 2014
پاکستان کے بچے بچے کی زبان پر ایک ہی نعرہ ہونا چاہیے کہ کرپٹ سیاسی نظام کا خاتمہ کرو ۔۔۔پاکستان کو بچاؤ۔، الطاف حسین فوٹو: فائل فوٹو: فائل

پاکستان کے بچے بچے کی زبان پر ایک ہی نعرہ ہونا چاہیے کہ کرپٹ سیاسی نظام کا خاتمہ کرو ۔۔۔پاکستان کو بچاؤ۔، الطاف حسین فوٹو: فائل فوٹو: فائل

لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ جاگیردارانہ، وڈیرانہ، بے لگام سرمایہ دارانہ، غیر منصفانہ نظام اورکرپٹ سیاسی کلچر اور موروثی سیاست کاسلسلہ جاری رہاتو خاکم بدہن پاکستان کی سلامتی وبقاءکو شدید خطرہ لاحق ہوگا۔

رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے اجلاس میں اراکین سے بات کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ فرسودہ جاگیردارانہ ، وڈیرانہ، بے لگام سرمایہ دارانہ ، غیرمنصفانہ نظام، کرپٹ سیاسی کلچر اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے لہٰذا پاکستان کے عوام کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ فرسودہ جاگیردارانہ نظام کو بچانا چاہتے ہیں یا پاکستان کو، فرسودہ جاگیردارانہ اوربے لگام سرمایہ دارانہ نظام کے باعث ملک میں غربت ، بیروزگاری، مہنگائی اور کرپشن عروج پر ہے، ملک میں انصاف کا نظام ہچکولے کھارہا ہے اورانصاف کے موجودہ نظام پر سے لوگوں کااعتماد اٹھ رہا ہے، ایسی صورت میں پاکستان کی سرزمین کو جرات مند، بہادر اور مخلص قیادت کی اشد ضرورت ہے۔

الطاف حسین نے کہا کہ گندگی اورپاکیزگی ایک دوسرے کی ضد ہے ، پاکستان پاک ہے اور فرسودہ جاگیردارانہ ، وڈیرانہ، غیرمنصفانہ نظام اور کرپٹ سیاسی کلچر گندگی ہے لہٰذا پاکستان کو محفوظ، مستحکم، روشن اور ترقی یافتہ بنانے کے لئے ان گندگیوں کا خاتمہ لازمی ہے۔ پاکستان کی سرزمین ایک ماں کی حیثیت رکھتی ہے جو اپنی غیرت وحمیت اور عزت وآبرو کے تحفظ کے لئے بہادر بیٹوں کی تلاش میں ہے اور چاہتی ہے کہ اس کے بہادر بیٹے پاکستان کو دیمک کی طرح کھانے والی برائیوں سے نجات دلانے کے لئے علم جہاد بلند کریں۔

ایم کیو ایم کے قائد کا کہنا تھا کہ ملک کے محب وطن عوام کو یہ طے کرلینا چاہئے کہ اگر ملک پر فرسودہ جاگیردارانہ، وڈیرانہ، بے لگام سرمایہ دارانہ ، غیرمنصفانہ نظام اورکرپٹ سیاسی کلچر اور موروثی سیاست کاسلسلہ جاری رہاتو خاکم بدہن پاکستان کی سلامتی وبقاء کو شدید خطرہ لاحق ہوگا اوران فرسودہ گلے سڑے نظام اورکرپٹ سیاسی کلچر کا خاتمہ کرکے ہی پاکستان کو محفوظ اور مستحکم بنایاجاسکتا ہے۔ اب پاکستان کے بچے بچے کی زبان پر ایک ہی نعرہ ہونا چاہیے کہ کرپٹ سیاسی نظام کا خاتمہ کرو ۔۔۔پاکستان کو بچاؤ۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔